سی پیک منصوبہ پاکستان سمیت خطہ کے دیگر ممالک کی ترقی میں اہم کردارادا کرسکتا ہے، ٹیکس نظام میں بہتری لانا ضروری ہے،ڈنمارک کے سفیر کی صحافیوں سے گفتگو

اتوار 21 جنوری 2018 22:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2018ء) پاکستان میں ڈنما رک کے سفیر Rolf Holmboe نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر شروع کئے گئے ون بیلٹ ون روڈ(او بی او آر) منصوبے کا اہم حصہ چین پاکستان اقتصادی رہداری ( سی پیک ) ہے ، یہ منصوبہ پاکستان سمیت خطہ کے دیگرممالک کے لئے مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی کے لئے انتہائی اہم ہے۔ یہ بات انہوں اتوار کے روز کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر صدر کراچی پریس کلب احمد ملک ،سیکرٹری مقصود یوسفی اور دیگر عہداران موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تناظرمیں پاکستان کو چاہئے کہ ڈنمارک سمیت دیگر بڑی کمپنیوں سے روابط بڑھائے اور اپنی منصوعات و اجناس عالمی منڈیوں تک لیکر جائے کیونکہ یہ عالمی تجارتی کمپنییاں پاکستان کے معاشی فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں اور ملک کو درپیش توانائی اور معیشت کے مسائل کا حل ٹھونڈا جاسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے معاشی اصلاحات بھی درکار ہیںایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ڈنمارک کی طرزپر فلاحی ریاست بنانے کے لئے اقدامات کرنے چاہیں جن میں خاص طور پر ٹیکس کے نظام میں بہتری لانا ضروری ہے۔انہوں نے کہا ڈنمارک صحت اور توانائی کے شعبہ میں پاکستان کے ساتھ بہتر تعاون کر سکتا ہے۔ اس موقع پر ڈنمارک کے سفیر نے پریس کلب کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور مقامی صحافیوں کی جمہوریت کے فروغ میں انکے کردار کی تعریف کی۔

متعلقہ عنوان :