عدم اعتماد کی خبریں مسترد شدہ طبقے کی ذہنی اختراع ہے،اشرف صدا

2020 میں عوام کی طاقت سے حفیظ الرحمن دوبارہ وزیر اعلیٰ بنیں گے، ترجمان حکومت

اتوار 21 جنوری 2018 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جنوری2018ء) مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کے صوبائی ترجمان و چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی گلگت بلتستان کونسل اشرف صدا نے کہا کہ عدم اعتماد کی خبریں مسترد شدہ طبقے کی ذہنی اختراع ہے،2020 میں عوام کی طاقت سے حفیظ الرحمن دوبارہ وزیر اعلیٰ بنیں گے، کارکن مسترد شدہ افواہ ساز کمپنیو کی افواہوں کو لطیفے سے زیادہ حیثیت نہ د یں۔

وہ اتوار کو اسلام آباد سے عدم اعتماد کی خبروں پر رد عمل کا اظہار کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ حفیظ الرحمن اور مسلم لیگی حکومت کے تمام اراکین صوبے میں پائیدار امن اور پائیدار ترقی کے منشور پر متفق اور متحد ہیں،صوبے کے ہزاروں مسلم لیگی عہدیداران اور کارکن اور عوام حفیظ الرحمن اور صوبائی حکومت کے پشت پر کھڑی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ تمام سازشی عناصر کسی غلط فہمی میں نہ رہے،ہمیں اچھی طرح علم ہے کہ عدم اعتماد کی بے بنیاد خبریں کس کے اشارے پر اور کیوں پھیلائی جا رہی ہیں، ہم انہیں بتا دینا چاہتے ہیں کہ حفیظ الرحمن اور مسلم لیگ ’’ن‘‘ مضبوط وفاق و مستحکم گلگت بلتستان ، سی پیک اور پائیدار امن کی ضمانت ہے،منفی اور انتشار پسند سوچوں کو اپنی شکست برداشت نہیں ہو رہی ہے لیکن انہیں کم از کم 2025 تک نہ چاہتے ہوئے بھی صبر کا دامن تھامے رکھنا ہوگا،پائیدار امن اور وطویل و قلیل مدتی حکمت عملی کے طفیل گلگت بلتستان ترقی کی شاہرائوں پر گامزن ہوچکا ہے، ہم کسی کو بھی کسی بھی قیمت پر ترقی کے عمل میں رکائوٹ پیدا نہیں کرنے دینگے۔

حفیظ الرحمن ایک فرد کا نہیں ایک نظریہ فکر اور عہد کا نام ہے، وزیر اعلیٰ اور ان کی ٹیم نے 3 سال کے قلیل مدت میں گلگت بلتستان کو پائیدار امن سمیت کھربوں روپے کے عظیم الشان ترقیاتی ترقی کے دور میں داخل کیا،2018 کے مرکزی انتخابات کے بعد گلگت بلتستان سے سازشی سیاست کرنے والوں کی سیاست بھی اپنے منطقی انجام کو پہنچے گی۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے سنجیدہ اور مثبت سیاست کو فروغ دینے کی کوشش سے چند لوگ ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگی حکومت عدم اعتماد کی خبروں کو سازشی عناصر کی خواہشات سے زیادہ سنجیدہ نہیں لیتی ہے۔ ہم عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے سرگرم عمل ہیں۔

متعلقہ عنوان :