پاکستان کی افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہوٹل پردہشت گردانہ حملے کی مذمت

دہشت گردی سے موثر طریقے سے نمٹنے اور خاتمے کیلئے بین الریاستی تعاون انتہائی اہم ہے ،ْ ترجمان دفتر خارجہ سیکیورٹی خامیوں سمیت حملے کی مستند تحقیقات کی ضرورت ہے ،ْپاکستان نے کابل حملے کے حوالے سے الزمات مسترد کر دئیے

اتوار 21 جنوری 2018 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2018ء) پاکستان نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہوٹل پردہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی سے موثر طریقے سے نمٹنے اور اس کے خاتمے کیلئے بین الریاستی تعاون انتہائی اہم ہے۔ اتوار کو دفتر خار جہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کابل میں ہوٹل پرہولناک دہشت گرد حملے کی سخت مذمت اور واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اورلوگوں کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بزدلانہ دہشت گرد حملے پر پاکستانی حکومت اورعوام کی طرف سے افغانستان کی حکومت اورعوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ترجمان نے ہر قسم کی دہشت گردی کی سخت مذمت کااعادہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی سے موثر طریقے سے نمٹنے اور اس کے خاتمے کیلئے بین الریاستی تعاون انتہائی اہم ہے۔دوسری جانب پاکستان نے کابل حملے کے حوالے سے الزمات مسترد کر دئیے۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی خامیوں سمیت حملے کی مستند تحقیقات کی ضرورت ہے،ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ چند افغان حلقوں کی جانب سے پاکستان پر الزام تراشی بے بنیاد ہے۔