Live Updates

حیدرآباد،حلیم عادل شیخ نے خورشید ٹاؤن میں مسمار کی جانے والی غریب بستیوں کا دورہ

پیپلزپارٹی کے ظلم کی سیاہ رات ڈھلنے والی ہے اور پی ٹی آئی کا سورج طلوع ہونے والا ہے، ایگزیکٹو نائب صدر پاکستان تحریک انصاف

اتوار 21 جنوری 2018 20:43

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے ایگزیکٹو نائب صدر حلیم عادل شیخ نے خورشید ٹاؤن میں مسمار کی جانے والی غریب بستیوں کا دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے ظلم کی سیاہ رات ڈھلنے والی ہے اور پی ٹی آئی کا سورج طلوع ہونے والا ہے ، ہم برسراقتدار آنے کے بعد ان متاثرین کو ایک ایک پلاٹ اور پانچ پانچ لاکھ روپے کی امداد دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت روٹی، کپڑا اور مکان کے نعرے لگاتی ہے لیکن غریب لوگوں کے مکان مسمار کردیئے گئے ، انہیں کھانے کو روٹی اور پہننے کو کپڑا نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ کہا جارہا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر یہ گھر مسمار کئے گئے ہیں جوکہ غیرقانونی طورپر بنے ہوئے تھے، ہم سپریم کورٹ کے احکامات کا احترا م کرتے ہیں لینک یہ غریب افراد جو 40 سال سے یہاں آباد ہیں ان کے گھر مسمار کئے جانے سے پہلے انہیں متبادل جگہ دی جاتی اور انہیں مالی وسائل فراہم کئے جاتے تاکہ یہ باعزت طورپر رہ سکتے لیکن راتوں رات جس طرح ان کے گھروں کو مسمار کرکے انہیں کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور کیا گیا ہے جو قابل مذمت ہے اور ہم ہر سطح پر اس کے خلاف احتجاج کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایک طرف وزراء، اراکین اسمبلی اور پیپلزپارٹی کے بااثر افرا دکو جنگلات کے نام پرشہری زمین الاٹ کی جارہی ہے ، رفاحی پلاٹوں پر قبضے ہورہے ہیں تو دوسر جانب غریب افراد جن کے پاس کھانے کو روٹی بھی نہیں ہے ان کے گھروں کو مسمار کرکے انہیں بے گھر کردیا ہے یہ ہم برداشت نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ متاثرہ افرا دکی مالی امداد کی جائے۔اس موقع پر پی ٹی آئی کی رہنما نزہت پٹھان، علی احمد ہنگورو اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات