سی پیک ، سوئی گیس پائپ لائن، حساس تنصیبات، پلوں، ڈیموں اور سرحدوں کی نگرانی ،پا ک فوج نے جدید ترین ڈرون ٹیکنالوجی حاصل کرلی

اتوار 21 جنوری 2018 20:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2018ء) پاک فوج نے چائنا پاک اقتصادی راہداری، سوئی گیس پائپ لائن، حساس تنصیبات، پلوں، ڈیموں اور سرحدوں کی نگرانی کیلئے جدید ترین ڈرون ٹیکنالوجی حاصل کرلی۔ کراچی کے ایک نجی کمپنی کے تیار کردہ دوسرے ڈرون طیارے ’’کال بروک‘‘ میں مسلسل 15 گھنٹے پرواز کرنے کی صلاحیت ہے جبکہ یہ ڈرون طیارہ ایک ہزار کلوگرام وزنی میزائل اور گولہ و بارود اٹھانے اور ٹارگٹ پر فائر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اس ڈرون کو 250 کلومیٹر کی حدود میں اڑایا جاسکتا ہے جبکہ سیٹلائٹ سسٹم سے منسلک کرنے کی صورت میں اس کی رینج لا محدود ہوسکتی ہے۔ اس ڈرون کی تیاری کے بعد کراچی یا اسلام آباد میں بیٹھ کر پوری دنیا کی نگرانی کی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

اس جدید ترین ٹیکنالوجی کی تیاری پر آنے والے اخراجات دنیا میں بنائے جانے والے ڈرون طیاروں کے مقابلے میں نہایت کم ہیں اور جو خصوصیات اس ڈرون میں موجود ہیں وہ کسی اور ملک کے پاس موجود نہیں۔

’’کال بروک‘‘ ڈرون کے ذریعے جاسوس کرنے اور دشمنوں کے ٹھکانے تباہ کرنے کے علاوہ سائنسی تجربات اور موسمیاتی تجزیات بھی کئے جاسکیں گے۔ کمپنی کے ذرائع کے مطابق اس ڈرون کی جلد فروخت شروع کردی جائے گی۔ یورپی ممالک سمیت 15 ممالک سے خریداری میں دلچسپی کی درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔