سیالکوٹ، ورکنگ باؤنڈری پربھارتی فائرنگ سے شہید و زخمیوں میں امدادی رقوم کے چیکس کی تقسیم

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرخ نوید نے شہداء کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے فی کس اور اسی طرح 16شدیداور14معمولی زخمیوں میں بالترتیب 75ہزاراور 25ہزار روپے فی کس کے حساب سے امدادی

اتوار 21 جنوری 2018 20:23

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2018ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر فرخ نوید نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے 7شہداء کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے فی کس اور اسی طرح 16شدیداور14معمولی زخمیوں میں بالترتیب 75ہزاراور 25ہزار روپے فی کس کے حساب سے امدادی رقوم کے چیکس تقسیم کردیئے اور ان المناک واقعہ میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہا ر کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے لواحقین کے صبر جمیل کیلئے دعا کی ۔

کمبائنڈ ملٹری ہسپتال سیالکوٹ کینٹ میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کے دوران ڈی سی سیالکوٹ ڈاکٹر فرخ نوید نے زخمیوں کو وزیر اعلیٰ پنجاب کا خصوصی پیغام پہنچایا اورامدادی رقوم کے چیکس تقسیم کئے ، ای ڈی سی جنرل سیالکوٹ میثم عباس، اے سیالکوٹ شاہد عباس بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

ڈی سی سیالکوٹ ڈاکٹر فرخ نوید نے زخمیوں کی عزم و ہمت اور حوصلہ کو سراہتے ہوئے کہاکہ ورکنگ باؤنڈری پر رہنے والے شہر اقبال ؒ کے نہتے اور بے گناہ شہریوں کوپاکستان کے ازلی دشمن بھارت کی بزدل افواج نے نشانہ بنا کر غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

انہوں نے کہ دکھ اور مصیبت کی گھڑی میں حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے ان کی ہر ممکن مدد کیلئے ہمہ وقت حاضر اور کوشاں ہے ۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر فرخ نوید نے مزیدبتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے تحصیل پسرور میں 3اورتحصیل سیالکوٹ میں4ریلیف کیمپ قائم کردیئے ہیں جہاں پر متاثرین کو رہائش، ٹرانسپورٹ اور کھانے پینے سمیت تمام ضروریات زندگی کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں جبکہ جانوروں کی دیکھ بھال کیلئے جگہ بھی فراہم کی گئی ہے اور ان کی خوراک اور علاج کا بندوبست بھی کیا گیا ۔

انہوں نے بتایاکہ ساتوں ریلیف کیمپ میں طبی سہولیات بھی فراہم کی گئیں ہیں جہاں پر ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس سٹاف اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے جب کہ زخمیوں کو فوری طور پر سی ایم ایچ سیالکوٹ منتقل کرنے کیلئے ریسیکیو1122کے چاک و چوبند جوان اور ریسکیو وارڈنز24گھنٹے مستعدی اور جوانمردی سے فرائض منصبی انجام دے رہے ہیں ۔بعد ازاں ڈی سی سیالکوٹ ڈاکٹر فرخ نوید نے ریلیف کیمپوں کا بھی دورہ کیا اور متاثرین سے ملنے والی سہولیات بارے استفسار کیا۔

متعلقہ عنوان :