ّّّّّّّّّّّّّّّّّّّّّّ گلگت بلتستان سکائوٹس نے سعدیہ خان سکی کپ 2018 جیت لیا

اتوار 21 جنوری 2018 20:21

نلتر ،گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2018ء) پی اے ایف سکی ریزورٹ میں سعدیہ خان کپ اختتام پذیر ہوگیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ گلگت بلتستان سکائوٹس سلالم اور جائنٹ سلالم کے تمام میڈلز جیت کر اس سال کپ کی فاتح قرار پائی۔مہمان خصوصی نے سعدیہ خان کپ کے علاوہ کراس کنٹری ، سکیٹنگ ، آئس سکیٹنگ اور سنو بورڈنگ کے مقابلے جیتنے والوں میں ٹرافیاں اور ایوارڈ ز تقسیم کئے۔

ان مقابلوں میں پاکستان کی مختلف سکی ایسوسی ایشیز کے اسکیئرز نے سخت سردی میں ان مقابلوں میں حصہ لیا۔ سکی سے محبت کرنے والوں کی ایک بڑی تعداد اس چیمپئن شپ کو دیکھنے کیلئے آئی تھی۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ نوجوانوں میں سکی کے کھیل کو مقبول بنانے کے لیے سکی فیڈریشن آف پاکستان کی کاوشیں قابل ِ تحسین ہیں۔

(جاری ہے)

میری خواہش ہے کہ سکی فیڈریشن آف پاکستان ملک کے دیگر علاقوں کے نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو بھی سکی کی سہولیات فراہم کرے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ قابل ذکر بات ہے کہ سکی فیڈریشن آف پاکستان رتو اور مالم جبہ کے بچوں کے لیے ایک سکی سکول قائم کر رہا ہے۔ مجھے امید ہے کہ اس طرح کی سرگرمیوں سے ہمارے کھلاڑی پوری دنیا میں سکی کے مقابلوں میں بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔نلتر وادی میں ترقیاتی منصوبہ جات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نلتر وادی کو عالمی معیار کا ریزورٹ بنانا چاہتے ہیں ۔ تاہم پاک فضائیہ نے اس علاقے کے طلباء کو بہترین تعلیمی اور ووکیشنل تربیت فراہم کرنے کے لیے کئی منصوبے شروع کیے ہیں۔