لاہور ،جماعت اسلامی کا ہفتہ یکجہتی کشمیر بھر پور طریقے سے منانے کے لیے تیاریاں شروع

اتوار 21 جنوری 2018 20:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2018ء) جماعت اسلامی نے ہفتہ یکجہتی کشمیر بھر پور طریقے سے منانے کے لیے تیاریاں شروع کردی ہیں ۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی ہدایت پر اس سال بھی ۵ فروری کو ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر پر عزم طریقے سے منایا جائے گا۔ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے اور کشمیر کو بھارت کے غاصبانہ قبضہ سے آزاد کرانے کی جدوجہد کو تیز کیا جائے گا ۔

اس سلسلہ میں مرکز جماعت منصورہ سے صوبائی ، ضلعی ، زونل امراء اور برادر تنظیمات کے ذمہ داران کے نام ایک سرکلر جاری کردیاگیاہے جس میں تمام اضلاع ، مقامات اور برادر تنظیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ہاں یوم یکجہتی کشمیر کو حقیقی معنوں میں ایک یاد گار دن بنانے اور قومی یکجہتی کا بھر پور مظاہرہ کرنے کے لیے ابھی سے تیاریاں شروع کردیں ۔

(جاری ہے)

پروگرام کے مطابق ہفتہ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے یکم فروری کو ملک بھر میں ضلعی و تحصیل مقامات پرپریس کانفرنسیں اور میٹ دی پریس پروگرام کیے جائیں گے ۔ دو فروری جمعہ کے خطابات میں آئمہ کرام و خطیب حضرات کشمیر کے حوالے سے خطابات کریں گے اور جمعہ کی نماز میں دعائیں کی جائیں ۔ تین فروری کو کشمیر پر مختلف مقامات پر آل پارٹیز کانفرنسیں ، سیمینارز اور مذاکرے ہوں گے اور سکولوں میں کشمیر یکجہتی واک کا اہتمام کیا جائے گا ۔ چار فروری کو ملک بھر میں یوتھ پاکستان موٹر سائیکل ریلیز ہوں گی جن کا انتظام جے آئی یوتھ کرے گی اور پانچ فروری کو جماعت اسلامی کے زیراہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں جلسے ، جلسو س اور ریلیاں ہوں گی ۔

متعلقہ عنوان :