ججز اپنے کام کے سوا سارے کام کررہے ہیں، بلاول بھٹوزرداری

ْ ان کی زیادہ توجہ سیاسی معاملات پر ہے جس کی وجہ سے انصاف کی فراہمی متاثر ہورہی ہے،ٹوئٹ

اتوار 21 جنوری 2018 20:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2018ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ ججز اپنے کام کے سوا دیگر سارے کام کررہے ہیں اور ان کی زیادہ توجہ سیاسی معاملات پر ہے جس کی وجہ سے انصاف کی فراہمی متاثر ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپر اظہارِخیال کرتے ہوئے چئیرمین پیپلزپار کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کی سربراہی میں لاریفارمزکمیشن قائم ہے اور چاروں صوبوں کے چیف جسٹس اس کمیشن کے رکن ہیں، قانون کے مطابق کمیشن نے سال میں 4 بار اجلاس کرنے ہوتے ہیں لیکن 2015 سے اب تک لاریفارمز کمیشن کا کوئی اجلاس ہی نہیں ہوا۔

بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ ججز انصاف کے سوا دیگر سارے کام کررہے ہیں بلکہ ان کی زیادہ توجہ سیاسی معاملات پر ہے، ججز سیاست دانوں والا کردار ادا کررہے ہیں اور ان کی اپنے کام کے سوا دیگر کاموں پر توجہ کے باعث انصاف متاثر ہورہا ہے۔