اسلام گڑھ ، عدلیہ نے انڈمنسٹریٹرز کو معطل کر کے احسن کردار ادا کیا ہے،رہنماء تحریک لبیک یا رسول اللہ ﷺ

اتوار 21 جنوری 2018 20:10

اسلام گڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2018ء) تحریک لبیک یا رسول اللہ ﷺ کے ضلعی امیر مفتی کبیر سعیدی ،ضلعی ناظم مالیات قاری ادریس نورانی ،تحصیل ناظم مالیات محمد سلیم ،حافظ عامر شہزاداور محمد حلیم نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدلیہ نے انڈمنسٹریٹرز کو معطل کر کے احسن کردار ادا کیا ہے حکومت نے بلدیاتی الیکشن کرانے کے بجائے عدلیہ کے حکم کو پس پشت ڈالتے ہوئے اپنے چند سیاسی لوگوں کو نواز کرعدالت کی توہین کی ہے اور ان کے خلاف توہین عدالت جیسا جرم کرنے پر سخت سے سخت سزادی جائے تا کہ عدلہ کی رٹ بحال ہو سکے اور آئے روز توہین عدالت کرنے والوں کو سبق مل سکے انھوں نے مزید کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن پچھلے کئی سالوں سے نہ ہونے کی بھی اصل وجہ پارلیمنٹ ممبر ہیں جو یہ نہیں چاہتے کہ اختیارات نچلی سطح تک جائیں کیونکہ جب اختیارات نچلی سطح تک جائیں گے تو ان لیڈروں کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا ۔

(جاری ہے)

بلدیاتی الیکشن وقت کی ضرورت ہیں بلدیاتی الیکشن کی وجہ سے عوام کے بہت سے مسائل ان کے گھر کی دہلیز پر حل ہوں گے تحریک لبیک یا رسول اللہ کا مقصد نظام مصطفی کا قیام اور بلا تفریق عوام کوعدل و انصاف فراہم کرنا ہے ،تحریک لبیک بلدیاتی الیکشن میں ضرور حصہ لے گی اور بلدیاتی الیکشن کو جلد از جلد ہو جانا چاہیے تاکہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہو سکیں ۔