کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز کو ایک اچھا اور معیاری اسپتال بنانے کیلئے تمام کوششیں بروئے کار لائی جائیں،میئر کراچی وسیم اختر

اتوار 21 جنوری 2018 19:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز کو ایک اچھا اور معیاری اسپتال بنانے کے لئے تمام کوششیں بروئے کار لائی جائیں، ادویات اور آلات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور شہر کے مخیرحضرات سے درخواست کی جائے کہ وہ مریضوں کی مدد کے لئے اسپتال کی انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ غریب مریضوں کی زندگیوں کو بچایا جاسکے یہ بات انہوں نے کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز کی گورننگ باڈی کے 13 ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر گورننگ باڈی کے ممبران سردار یٰسین ملک، میونسپل کمشنر ڈاکٹر اصغر عباس، ایگزیکٹو ڈائریکٹر KIHD ڈاکٹر اسد اللہ حسینی، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم اور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ اسپتال کی ایمرجنسی میں آنے والے تمام مریضوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے فوری طبی امداد فراہم کی جائے تاکہ امراض قلب میں مبتلا افراد کی زندگی کو خطرات لاحق نہ ہوں، انہوں نے کہا کہ کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز غریب اور متوسط طبقے کے افراد کے لئے امید کا مرکز ہے اور یہاں مریض اس لئے آتے ہیں کہ انہیں سستا اور معیاری علاج میسر آئے گا، انہوں نے کہا کہ کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز کو ٹیچنگ اسپتال کے طور پر کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج سے منسلک رکھا جائے اور وہاں سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبا و طالبات کو ہائوس جاب میں ترجیح دی جائے ، انہوں نے کہا کہ پروفیسرز، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی کمی کو فی الفور دور کیا جائے، میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی ایک کثیر رقم کے ایم سی کے زیرانتظام 13 بڑے اسپتالوں پر خرچ کر رہی ہے اور ہزاروں ملازمین شعبہ میڈیکل سے وابستہ ہیں اس لئے شہریوں کی توقع بے جا نہیں کہ انہیں اچھا ، معیاری اور سستا علاج ان اسپتالوں میں مہیا کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ گورننگ باڈی کے ارکان میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ اسپتال کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جاسکے، میئر کراچی نے گورننگ باڈی کے ممبران سے درخواست کی کہ وہ اسپتال کی بہتری اور مالی حالت کو بہتر کے لئے تجاویز دیں تاکہ یہ اسپتال کراچی کے بہترین اسپتال کے طور پر دیکھا جاسکے، انہوں نے کہا کہ شہر میں دل کے امراض بڑھنے کے باعث اسپتال پر مریضوں کا بے انتہا دبائو ہے یہ حقیقت اپنی جگہ لیکن ہمیں اپنی استعداداور کارکردگی میں اضافے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ہونے والی سائنسی ایجادات اور جدید طریقہ علاج سے بھی فائدہ اٹھایا جائے تاکہ مریضوں کو بہتر سے بہتر سہولتیں مہیا ہوسکیں، میئر کراچی نے اس موقع پر اسپتال کے مختلف وارڈز، آپریشن تھیٹر اور ایڈمنسٹریشن بلاک کا بھی دورہ کیا اور وارڈز میں داخل مریضوں سے ملاقات کرکے ان کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا، میئر کراچی نے اس بات پر زور دیا کہ وہ اسپتال میں صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دیں اور ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :