ڈاکٹر نفیسہ شاہ کی سالگرہ جیم خانہ کلب میں منائی گئی

اپنے دور میں خیرپور سمیت پوری سندھ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے،قائم علی شاہ

اتوار 21 جنوری 2018 19:22

خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2018ء) خیرپور یوتھ کونسل کی جانب سے خیرپور یوتھ کونسل کی سرپرست اعلیٰ و پیپلزپارٹی کی مرکزی اطلاعات سیکریٹری ایم اے این ڈاکٹر نفیسہ شاہ کی سالگرہ جیم خانہ کلب میں منائی گئی۔ اس موقع پر تقریب کے مہمان خاص سابق وزیراعلیٰ سندھ اور خیرپور یوتھ کونسل کے عہدیداران و ممبران نے مشترکہ طور پر سالگرہ کاکیک کاٹا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ انہوں نے اپنے دور میں خیرپور سمیت پوری سندھ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے جبکہ خیرپور میں تعلیمی ادارے قائم کرکے خیرپور کو تعلیم کا گڑھ بنادیا ہے جہاں پر پوری سندھ کے نوجوان بہتر تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ انہوں نے ہزاروں بیروزگار افراد کو روزگار ففراہم کرنے کے ساتھ عوام کی بھرپور خدمت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کی صاحبزادی ڈاکٹر نفیسہ شاہ ملک کی وہ عورت سیاستدان ہیں جنہوں نے اپنی اہلیت اور قابلیت کے بنیاد پر یہ مقام حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر نفیسہ شاہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے دیئے ہوئے منشور پر عمل کرتے ہوئے عوام کی خدمت کر رہی ہیں خاص کرکے ملک کے نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کی فراہمی میں اپنا موثر کردار ادا کر رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مشرف کے دور میں خواتین میں خیرپور سے ڈاکٹر نفیسہ شاہ اور نواب شاہ سے فریال تالپور ضلع ناظم کے عہدے پر فائز ہوئیں جنہوں نے عہدہ سنبھالنے کے بعد عوام کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ان کو بنیادی سہولیات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر نفیسہ شاہ شہید بینظیر بھٹو کی شخصیت اور ان کی عوامی پالیسیوں سے متاثر ہیں اور ان کی مشن پر عمل پیرا ہیں جس کے باعث ان کو عوامی پذیرائی مل رہی ہے۔

تقریب میں شاہ عبداللطیف یونیورسٹی کے رجسٹرار اسد رضا عابدی، پ پ رہنما نظر محمد گاہو، پریس کلب خیرپور کے صدر خان محمد خان، غلام حسین مغل، منیر حسین منگی، مظہر خان، مرید حسین ابوپوٹو، ڈاکٹر فرخ بھنبھرو، ڈاکٹر یار محمد پھلپوٹو، عبدالقدوس بروہی، زاہد گنبھیر، پارس جاگیرانی، ریحانہ جمانی، خیرپور یوتھ کونسل کے صدر عمر شاہ، جنرل سیکریٹری رمیز سومرو سمیت دیگر عہدیداران و ممبران نے شرکت کی۔