حیران کن بات یہ ہے کہ آصف علی زرداری کے خلاف ایسا شخص لب کشائی کر رہا ہے جس کو وزیراعلیٰ ہائوس کی بجائے جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیے تھا، سانحہ ماڈل ٹائون کا منظر قوم نہیں بھولی کہ کس طرح نہتے لوگوں کا قتل عام ہوا

پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر عاجز دھامراہ کاشہباز شریف کے بلاول کے حوالے سے بیان پر ردعمل

اتوار 21 جنوری 2018 19:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جنوری2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر عاجز دھامراہ نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی طرف سے صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری کے خلاف کی گئی باتوں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حیران کن بات یہ ہے کہ آصف علی زرداری کے خلاف ایسا شخص لب کشائی کر رہا ہے جس کو وزیراعلیٰ ہائوس کی بجائے جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کا منظر قوم نہیں بھولی کہ کس طرح نہتے لوگوں کا قتل عام ہوا۔ سینیٹر عاجز دھامراہ نے کہا کہ نواز شریف نے ملک کے سارے وسائل رائے ونڈ پر خرچ کئے۔ جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ ساتھ سنٹرل پنجاب کے منتخب نمائندے شہباز شریف کے خلاف سراپا احتجاج ہیں کیونکہ شہباز شریف نے صوبے کا پیسہ صرف لاہور پر خرچ کیا ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹر عاجز دھامراہ نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری تو بار بار احتساب کے عمل سے گزرے ہیں مگر جاتی امراء کا مافیا کی تھوڑی سی سرزنش ہوئی ہے، احتساب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیوروکے پنجاب پر جل رہے ہیں جبکہ کے پی میں اس داخلہ بند ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران، نواز اور شہباز یہ تینوں لاڈلے ہیں۔ ان کی زبان بھی ایک ہے، ان کو سیاست میں لانا والا بھی ایک ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت پاکستان پیپلزپارٹی کا ہے۔ وہ دن زیادہ دور نہیں جب عوام اپنے ووٹ کے ذریعے پاکستان پیپلزپارٹی کا انتخاب کریں گے اور بلاول بھٹو زرداری عوام سے ملنے والے منڈیٹ کے نتیجے میں وزیراعظم منتخب ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :