نوشہرہ ، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خواتین کیلئے نوشہرہ میں پہلی بار کھلی کچہری کا انعقاد

اتوار 21 جنوری 2018 18:50

نوشہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2018ء) صوبائی حکومت خیبر پختونخواہ کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خواتین کیلئے نوشہرہ میں پہلی بار کھلی کچہری کا انعقاد، کھلی کچہری میں خواتین نے بھر پور شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ کی صوبائی حکومت کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نوشہرہ نے خواتین کیلئے پہلی بار کُھلی کچہری کا انعقاد کیا۔

کھلی کچہری گونمنٹ گرلز ڈگری کالج نوشہرہ کینٹ میں بعد از نماز جمعہ منعقد کی گئی، جس میں مقامی خواتین اور نمائندوں نے شرکت کی۔ کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر نوشہرہ جناب خواجہ محمد سکندر ذیشان، کینٹ ایگزیکٹیو آفیسر نوشہرہ محمد عرفان، اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ جناب جمشید خان ، اسسٹنٹ کمشنر (UT) صوبیہ ضیاء، ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفئیر فقیہہ رفیق، ڈپٹی کمشنر نوشہرہ رضار کار فورس خواتین ونگ کی کوارڈینییٹر سیماء بابر ، پرنسپل گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج اور ڈپٹی کمشنر رضاکار فورس کی ایگزیکٹو باڈی ممبر روزینہ رحمان اور متعلقہ محکموں، صحت، تعلیم ، ٹی ایم اے ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور محکمہ مال کے افسران اور نمائندوں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کُھلی کچہری میں خواتین نے کُھل کرانتظامیہ کواپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نوشہرہ خواجہ محمد سکندر ذیشان نے شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے ان کے فوری ازالے کے لیے متعلقہ محکموں کو احکامات جاری کردئیے کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نوشہرہ نے کہ صوبائی حکومت کی ہدایت پر اس طرح کی کُھلی کچہریاں منعقد کرائیں گے تاکہ خواتین کی شکایات اور مسائل سن کر حل کرنے کی اقدامات کی جائیں، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نوشہرہ نے تمام محکموں خصوصاًً محکمہ تعلم ، پبلک ہیلتھ انجینیئرنگ اور محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ شکایا ت ایک ہفتے کے اندر اندر حل کرکے ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کے دفتر میں رپورٹ جمع کرائیں-