انصاف اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام نقیب اللہ محسود کے ماورائے قتل کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا

اتوار 21 جنوری 2018 18:23

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2018ء) انصاف اسٹوڈنٹس آرگنائزیش کے زیر اہتمام کراچی میں نقیب اللہ محسود کے ماورائے قتل کے خلاف اتوار کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، اس موقع پر مظاہرئے کے شرکا نے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور واقعے کے خلاف نعرئے بازی کررہے تھے ، مظاہرئے کے شرکا سے تنظیم کے صوبائی صدر سید ثنا اللہ آغا ، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری حکمت خان توخی ، صوبائی ترجمان حکیم اچکزئی ، ژوب کے صدر نصر اللہ کاکڑ اور ضلع کوئٹہ کے صدر نیاز ملاخیل نے خطاب کرتے ہوئے کراچی میں نقیب اللہ محسود کے ماورائے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جعلی پولیس مقابلے میں ایک بے گناہ نوجوان کی جان لی گئی ، انہوں نے کہا کہ نقیب اللہ محسود ایک محب وطن نوجوان تھا جو اپنے بیٹے کو فوج میں بھیجنے کی خواہش رکھتا تھا ، انہوں نے کہا کہ نقیب اللہ محسود اپنا گھر چھوڑ کر کراچی محنت کرنے آیا تھا ، اس کی جعلی پولیس مقابلے میں جان لے لی گئی ، انہوں نے کہا کہ تحقیقات میں یہ بات سامنے آچکی ہے کہ نقیب اللہ محسود بے گناہ تھا ، انہوں نے کہا کہ واقعے کے ذمہ دار راو انوار کی صرف معطلی کافی نہیں ، بلکہ قرار واقعی سزا دی جائے انہوں نے کہا کہ احتجاج کا یہ سلسلہ صرف مذکورہ پولیس افسر کی معطلی پر ختم نہیں ہوگا بلکہ نقیب اللہ محسود کے خاندان کو انصاف کی فراہمی تک جاری رہے گا ، انہوں نے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والوں سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں آواز بلند کریں تاکہ کل کسی بے گناہ کے ساتھ ایسا واقعہ رونما نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :