پی آئی اے میں قوانین کی خلاف ورزی، سینئر افسران کا عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ

اتوار 21 جنوری 2018 18:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2018ء)قومی ایئر لائن میں مرکزی عہدوں پر جونیئر افسران کی تعیناتی پر سینئر افسران میں بے چینی پھیل گئی ہے بعض افسران نے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں اور سینئر افسران کواہم عہدوں سے ہٹا کر ان کی جگہ جونیئر افسران کی تعینات کرنے کا عمل جاری ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ منیجر کو انکے عہدے سے ہٹادیا گیاہے،ڈسٹرکٹ منیجر پر دبائو تھا کہ جعلی بلوں کی ادائیگیاں کی جائے،انکار کرنے پر عہدے سے ہٹادیا گیا۔سی ای او نے ان کی جگہ جونیئر افسر تعینات کردیا،جدہ سمیت مدینہ اور دمام میں بھی جونیئر افسران کو تعینات کیا گیا جو کہ قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔واضح رہے کہ سی ای او کے منیجر کوآرڈنیشن کے خلاف مبینہ جعلسازی کے حوالے سے پہلے ہی تحقیقات جاری ہیں۔ سی ای او کے منیجر کوآرڈنیشن نے جعلسازی کے ذریعے پی آئی اے میں بھرتی اور ترقی حاصل کی تھی۔ذرائع کے مطابق لاکھوں روپے بلوں کی بھی چیئرمین کی منظوری کے بغیر اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے بل کی ادائیگی کی منظوری دی تھی۔