حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کا سب سے زیادہ نقصان غریب اور متوسط طبقات کو ہوا ہے‘ذکر اللہ مجاہد

عوام کو معاشرے اور ملک کی ترقی کیلئے ایک دیانتدار اور باصلاحیت قیادت کا انتخاب کرنا ہوگا ‘ امیر جماعت اسلامی لاہور

اتوار 21 جنوری 2018 18:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2018ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہدنے کہا ہے کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کا سب سے زیادہ نقصان غریب اور متوسط طبقات کو ہوا ہے ،عوام کو 2018ء کے انتخابات میں ملک و قوم کی ترقی کیلئے ایک دیانتدار اور باصلاحیت قیادت کا انتخاب کرنا ہوگا موجودہ حکمرانوں نے عوام کو محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا ، حکومت نے اپنے چار سالہ دور میں عوام کو کرپشن، غربت، مہنگائی ، بے روزگاری اور لاقانونیت جیسے تحفے دیئے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کے ماہانہ تنظیمی اجلاس میں ضلعی ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد ، نائب امراء ملک شاہد اسلم ، ضیاء الدین انصاری ، انجینئر خالد عثمان ، امراء علاقہ جات خالد احمد بٹ، عبدالرشید مرزا ، ملک محمد شفیق ، صدر الخدمت فائونڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد سیکرٹری سیاسی کمیٹی جماعت اسلامی لاہور چوہدری محمود الاحد ، جے آئی یوتھ لاہور کے صدر شاہد نوید ملک ،، حاجی ریاض الحسن ، محمد عمیر خان و دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عام آدمی غربت کی چکی میںبری طرح پیس رہا ہے جبکہ اس کے لیے دو وقت کی روٹی کما نا مشکل ہو چکی ہے اور حکمرانوں کے غربت ختم کرنے کے تمام وعدے چار سالہ دور میں ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں ۔ان حالات میں اس ملک کو اسلامی نظام اور دیانتدار قیادت کی اشد ضرورت ہے اور یہ کام صرف جماعت اسلامی کر سکتی ہے کیونکہ جماعت اسلامی کے منشور میں اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کا نعرہ شامل ہے اس نعرے کو عملی رنگ دینے کے لیے جماعت اسلامی کے پاس تمام شعبہ جات کے لیے تربیت یافتہ اور تجربہ کار ٹیم موجود ہے اس لیے آئندہ انتخابات میں اگر قوم نے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا تو جماعت اسلامی کی لیڈر شپ قیام پاکستا ن کے مقاصد کے عین مطابق قوم کی توقعات پر پورا اترے گی ۔

ہمیں 2018ء الیکشن کیلئے اپنی تمام تر توائیوں کو صرف کرتے ہوئے ڈور ٹو دوڑ جا کر لوگوں تک امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کے پیغام کو پہنچانا ہو گا اور اپنی تمام تر توجہ 2018ء کے الیکشن کی تیاریوں پر مرکوز کرنی ہوگی۔ انشاء اللہ و ہ دن دور نہیں جب جماعت اسلامی ملک کو مدینہ جیسی اسلامی اور خوشحال ریاست بنائے گی۔