حمزہ شہبا ز کے گھر کے باہر رکاوٹیں ہٹانے کا فیصلہ خوش آئند ،امید ہے مجھے بھی جلد انصاف ملے گا ‘ عائشہ احد ملک

آٹھ سالوں سے انصاف کی جنگ لڑ رہی ہوں ،چیف جسٹس آف پاکستان ،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ انصاف دلائیں

اتوار 21 جنوری 2018 18:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2018ء) عائشہ احد ملک نے کہا ہے کہ میں آٹھ سالوں سے انصاف کی جنگ لڑ رہی ہوں ،چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے اپیل کرتی ہوں کہ میرے کیس پر سوموٹو ایکشن لیں اور مجھے انصاف دلائیں اور جو بھی گناہ گار ہو اسے سزا ملے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود سابقہ آئی جی پنجاب نے حمزہ شہباز ، رانا مقبول ، علی عمران یوسف اور مقصود بٹ کے خلاف پرچہ نہیں کاٹا جنہوں نے میر ے اوپر تشدد کیا ، سابقہ آئی جی پنجاب نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کی دھجیاں بکھیر یں، کورٹ کے آرڈر کے باوجود مجھے تحفظ فراہم نہیں کیا جا رہا اس لیے حمزہ شہباز کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی جا رہی کیونکہ وہ چیف منسٹر پنجاب کے بیٹے ہے لوگ طاقتور کے خلا ف آواز اٹھانے سے ڈرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آ ف پاکستان کے نوٹس کے بعد حمزہ شہبا ز کے گھر کے باہر لگی ہوئی رکاوٹیں ہٹانے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب مجھے انصاف کی پوری امید ہے کہ مجھے جلد انصاف ملے گا ۔