پانچ فروری کو شہباز شریف کو موچی گیٹ میں ہر سوال کا جواب دینگے‘ پیپلز پارٹی

شہباز شریف اپنے گھر کی خبر لیں جہاں نیب آنے والی ہے، خود کو حدیبیہ کی تحقیقات کیلئے پیش کریں‘ قمر زمان کائرہ

اتوار 21 جنوری 2018 18:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صد رقمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ قوم شوباز شریف کی شوبازیوں سے اچھی طرح واقف ہے،پی پی دل یزداں میں کانٹے کی طرح کھٹکتی ہے ،قوم کو پتا ہے کہ کون ٹوپیاں پہن کر ٹوپی ڈرامے کرتا ہے۔ شہباز شریف کے خطاب پر اپنے رد عمل میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف لاہور سے باہر نکلو میرے گائوں سمیت کہیں جائو آپ کو لوڈشیڈنگ کا پتا لگ جائے گا۔

ماڈل ٹائون اور جاتی امرا کے محلات کے علاوہ ہر جگہ آج بھی اندھیرے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ مال روڈ پر اپوزیشن ماڈل ٹائون کے شہدا کے خون کا حساب لینے جمع ہوئی۔شہباز شریف آپ کو ماڈل ٹائون اور قصور کے شہدا کے خون کا حساب دینا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ پانچ فروری کو شہباز شریف کو موچی گیٹ میں ہر سوال کا جواب دیں گے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف پانچ سالہ حکومت میں سوئس بنک سے پیسے واپس کیوں نہ لائے۔

اب انتخابات آرہے ہیں تو سوئس اکائونٹ یاد آگئے۔انہوںنے کہا کہ شہباز شریف آپ نے قوم سے کل بھی جھوٹ بولا آج بھی جھوٹ بول رہے ہیں۔سوئس اکائونٹس کی دولت کی حقیقت تھی تو سامنے لے آتے۔آپ سوئس اکائونٹس کو چھوڑیں اب اپنے بھائی اور ان کے بچوں کی دولت کی فکر کریں،میاں صاحب بڑے میاں صاحب اور ان کی اولاد کے کرپشن مقدمات کی فکر کریں،شہباز شریف اپنے گھر کی خبر لیں جہاں نیب آنے والی ہے۔ انہوںنے کہا کہ میاں صاحب آپ کے خاندان نے جو اربوں ڈالر لوٹے وہ عدالت واپس لانے والی ہے۔اگر آپ کا دامن صاف ہے تو حدیبیہ ریفرنس میں تکنیکی بنیادوں کا سہارا کیوں لے رہے ہیں۔شہباز شریف خود کو پہلے حدیبیہ کی تحقیقات کیلئے پیش کریں پھر باتیں کریں۔