پاکستان میں بھی گھس کر کارروائی کرسکتے ہیں، بھارت کی گیدڑ بھبکی

چند ماہ قبل پاکستان نے بھارت کے 17 فوجیوں کو ہلاک کیا تھا، وزیراعظم مودی نے اس سنگین مسئلے پر تمام اعلی حکام سے مشاورت کی جس کے بعد بھارتی فوج نے پاکستان میں داخل ہوکر وہاں عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کی، دنیا میں بھارت ایک مضبوط ملک کے طور پر سامنے آرہا ہے اور ہم نے دنیا کو ٹھوس پیغام دیا ہے کہ ہم نہ صرف اپنے ملک کے اندر بلکہ دشمن کی سرزمین کے اندر بھی اس کے خلاف کارروائی کرسکتے ہیں، بھارت تو پاکستان سے دوستانہ تعلقات چاہتا ہے لیکن پاکستان ہمارے ساتھ خوشگوار مراسم قائم کرنا نہیں چاہتا،بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کی ہرزہ سرائی

اتوار 21 جنوری 2018 18:20

پاکستان میں بھی گھس کر کارروائی کرسکتے ہیں، بھارت کی گیدڑ بھبکی
لکھنو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جنوری2018ء) بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ نے گیدڑ بھبکی ماری ہے کہ بھارتی فوج پاکستان میں بھی گھس کر کارروائی کرسکتی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے بھارتیہ ریلوے مال گودام شرمک سنگھ کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت نہ صرف اپنی سرزمین بلکہ دوسرے ملک میں بھی گھس کر دشمن کے خلاف کارروائی کرسکتا ہے چند ماہ قبل پاکستان نے بھارت کے 17 فوجیوں کو ہلاک کیا تھا، وزیراعظم نریندر مودی نے اس سنگین مسئلے پر تمام اعلی حکام سے مشاورت کی جس کے بعد بھارتی فوج نے پاکستان میں داخل ہوکر وہاں عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کی۔

راج ناتھ نے دعوی کیا کہ دنیا میں بھارت ایک مضبوط ملک کے طور پر سامنے آرہا ہے اور ہم نے دنیا کو ٹھوس پیغام دیا ہے کہ ہم نہ صرف اپنے ملک کے اندر بلکہ دشمن کی سرزمین کے اندر بھی اس کے خلاف کارروائی کرسکتے ہیں، بھارت تو پاکستان سے دوستانہ تعلقات چاہتا ہے لیکن پاکستان ہمارے ساتھ خوشگوار مراسم قائم کرنا نہیں چاہتا۔

(جاری ہے)

راجناتھ نے مزید کہاکہ میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہماری حکومت بھارت کا سر نہیں جھکنے دے گی ۔

وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک کی معیشت تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہی ہے ۔واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے مسلسل لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بانڈری پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی جارہی ہے جبکہ کئی ماہ سے جاری بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں متعدد پاکستانی شہری اور پاک فوج کے جوان شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔