تارکین وطن کیساتھ سرکاری اہلکاروں کا رویہ انتہائی افسوسناک ہے وزیراعظم نوٹس لیں ، امتیاز رانجھا

ریاستی ادارے عزت دیں تو زرمبادلہ کی کمی ہمیشہ کیلئے دور ہوسکتی ہے،اوور سیز پاکستانیز کے وفد سیگفتگو

اتوار 21 جنوری 2018 18:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جنوری2018ء) مسلم لیگ (ق)کے مرکزی سینئر رہنما چوہدری امتیاز احمد رانجھا نے کہا ہے کہ تارکین وطن سے ناانصافی کا خاتمہ کریں گے ، خون پسینے ایک کر کے زرمبادلہ وطن بھیجنے والوں کیساتھ سرکاری اہلکاروں کا رویہ انتہائی افسوسناک ہے ، تارکین وطن جیسے ہی ایئرپورٹ پر قدم رکھتے ہیں ایئر پورٹ عملہ، کسٹم اور دوسرے اہلکاروں کا رویہ نامناسب ہوتا ہے،۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو اوورسیز پاکستانیزکے وفد سے گفتگو میں کیا۔امتیاز رانجھا نے کہا کہ اگر تارکین وطن کو عزت اور سہولتیں دی جائیں تو کشکول لیکر فقیروں کی طرح پوری دنیا میں رسوا نہیں ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ تارکین وطن کو تنگ کرنا ،ان کے ہاتھ صاف کرنا اور تلاشی کے نام پر ان کیساتھ ہتک آمیز رویہ،پولیس ناکوں پر رسوائی اوران کی جائیدادوں پر قبضے کی کہانیاں زبان زدعام پر ہیں۔

(جاری ہے)

امتیاز رانجھا نے کہا کہ دوہری شہریت اتنا بڑا جرم سمجھا جاتا ہے جیسے قوم کے بہت بڑے مجرم ہوں۔انہوں نے کہا کہ یہاں کرپشن کرنے والے میڈیا پر وکٹری کا نشان جبکہ حکومتوں کی ناقص پالیسیوں کی بنائ پر ملک چھوڑ کر دوسرے ملکوں میں مزدوری کر کے اپنے ملک زرمبادلہ بھیجنے والوں سے مجرموں جیسا سلوک ناقابل برداشت ہے۔ امتیاز رانجھا نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ اس سلسلے میں سفارشات مرتب کر کے سپریم کورٹ آف پاکستان کا دروازہ کھٹکٹائے گی کیونکہ کوئی سرکاری ادارہ اپنی ذمہ داری پوری کرنے کو تیار نہیں نہ انہیں ووٹ کا حق دیا جارہا ہے۔

اگر ریاستی ادارے انہیں عزت دیں تو یہاں زرمبادلہ کی کمی ہمیشہ کیلئے دور ہوسکتی ہے لیکن سرکاری اداروں میں چند کالی بھیڑیں اس کام میں رکاوٹ ہیں ،اوورسیز منسٹری کے ڈیسک ہر ایئرپورٹ پر موجود ہیں اگر وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں ،امیگریشن عملہ اپنا رویہ درست کرے ، سرکاری دفاتر میں بغیر گفٹ وصول کئے ان کو عزت ملے ،ان کیلئے اچھے انویسٹمنٹ پلان ہوں جہاں انہیں اپنے پیسے کی ضمانت ملے تو کوئی وجہ نہیں کہ چند مہینوں میں معیشت میں نمایاں بہتری آسکتی ہے ، صرف ان کا اعتماد بحال کرنے کی ضرورت ہے۔

چوہدری امتیاز احمد رانجھانے کہا کہ وزیراعظم پی آئی اے کی بحالی اور اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کریں جس میں انہیں انویسٹمنٹ پر سہولتیں دی جائیں۔