ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی نے ریونیو ٹارگٹ کا53فی صد پہلی ششماہی میںحاصل کر لیا

اتوار 21 جنوری 2018 17:40

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2018ء) ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی نے پراپرٹی ،موٹر و پروفیشنل ٹیکس سمیت دیگر بقایا جات کی مد میں گذشتہ ششماہی کے دوران 2ارب 40کروڑ روپے کا ریونیو اکٹھا کیا ۔ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی کے ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ صوبائی حکومت نے راولپنڈی ڈویژن کی چار تحصیلوں راولپنڈی ،جہلم ،چکوال اور اٹک کے لیے سال 2017-18کے لیے مجموعی طور پر 4ارب 60کروڑ روپے کا ریونیو اکٹھا کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا جبکہ مقررہ ہدف کا 53فی صد پہلی ششماہی میں حاصل کر لیا گیا ہے ۔

اہداف کے حصول کے لیے ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کی ٹیموں کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی تنویر عبا س گوندل نے متعلقہ ای ٹی اوز اور انسپکٹرز کو نادہندگان کے خلاف مہم مزید تیز کرنے کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

(جاری ہے)

تنویر عبا س گوندل نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ ضلع راولپنڈی میں 3.9بلین روپے وصولی کے مقررہ ہدف کا 2.1بلین روپے حاصل کیا گیا جو کہ مجموعی ہدف کا 54فی صد بنتا ہے اسی طرح جہلم میں 258ملین روپے کے مقررہ ہدف کا 47فیصد حاصل کرتے ہوئے 120ملین روپے سے زائد کی ریکوری کی گئی جبکہ چکوال میں 211ملین روپے کے مقررہ ہدف کا 50فی صد حاصل کیا گیا اور مجموعی طور پر گذشتہ چھ ماہ کے عرصہ میں 105ملین روپے کا ریونیو حاصل کیا گیا ۔

انہو ں نے بتایاکہ اٹک میں 244ملین روپے کے مقررہ ہدف کا 52فی صد حاصل کر کے 128ملین روپے کا ریونیو اکٹھا کیا گیا ۔