پی ٹی آئی نے ملتان میٹرو بس منصوبے کے مالی لین دین کی تفصیلات طلب کرلیں

معلومات تک رسائی عوام کا بنیادی حق ہے ،ْرہنما تحریک انصاف بابر اعوان

اتوار 21 جنوری 2018 17:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2018ء) پاکستان تحریک انصاف نے گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان طارق باجوہ کو مراسلہ ارسال کرکے ملتان میٹرو بس منصوبے میں چینی کمپنی کے ساتھ مالی لین دین کی تفصیلات طلب کرلیں۔تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈپارٹمنٹ کے مطابق مراسلہ پارٹی کے سینئر رہنما اور ایڈووکیٹ ڈاکٹر بابر اعوان کی جانب سے ارسال کیا گیا۔

ڈاکٹر بابر اعوان نے گورنر اسٹیٹ بینک سے آرٹیکل 19 اے کے تحت چینی کمپنی ’یابیت‘ کے ساتھ مالی لین دین کی تفصیلات کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔ڈاکٹر بابر اعوان نے موقف اختیار کیا کہ معلومات تک رسائی عوام کا بنیادی حق ہے۔انہوںنے کہاکہ چینی کمپنی نے ملتان میٹرو بس منصوبے کی مد میں پاکستان سے بھاری رقوم وصول کی ہیں جو مبینہ طور یہ عوامی جمہوریہ چین کے مرکزی بینک میں جمع کرائی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی اس میگا منصوبے میں میگا کرپشن پر قانون کے مطابق عملدرامد کی خواہاں ہے۔انہوںنے کہاکہ بھاری رقوم کا تبادلہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی اجازت کے بغیر ممکن نہیں اسی لیے یقینی طور پر رقوم کے اس بھاری تبادلے کا ریکارڈ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس موجود ہے۔مراسلے میں بابر اعوان نے کہا کہ یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ یہ معاملہ انتہائی عوامی اہمیت کا حامل ہے، تاہم تحریک انصاف اس ریکارڈ کی مصدقہ نقول کی فراہمی کے اخراجات برداشت کرنے کیلئے بھی تیار ہے۔انہوں نے گورنر اسٹیٹ بینک سے درخواست کی کہ یابیت کمپنی کے ساتھ پاکستان اور چین کے مابین مالی لین دین کے ریکارڈ کی نقول بمع تمام دستاویزات مکمل تفصیلات کے ساتھ فراہم کی جائیں۔