یور پی یونین مسئلہ کشمیر پر اپنا نمائندہ مقرر کرے،بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

اتوار 21 جنوری 2018 16:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ یور پی یونین مسئلہ کشمیر پر اپنا نمائندہ مقرر کرے تاکہ موجودہ حالات اورمقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی رپورٹ یورپی یونین اور یورپی پارلیمنٹ کو دی جا سکے۔ کچھ عرصہ پہلے یورپی پارلیمنٹ نے اپنا ایک فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیرمیں بھیجا تھا اور اس سلسلے میںایماء نکلسن کی رپورٹ بھی یورپی پارلیمنٹ میں موجود ہے۔

اسلئے یورپی یونین کو دوبارہ ایک فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر بھیجنا چاہیے اور کشمیر پر اپنا نمائندہ بھی مقرر کرنا چاہیے تاکہ مسئلہ کشمیر حل کی طرف بڑھ سکے ورنہ نہ مسئلہ افغانستان حل ہو گا اور نہ ہی جنوبی ایشیاء میں امن قائم ہو سکے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹیریٹ میں پی ٹی آئی کشمیر کے یورپی یونین کے لئے نمائندے چوہدری نصیر احمد سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔

اس موقع پر چوہدری نصیر احمد جوکہ حال ہی میں برسلز سے پاکستان آئے ہیں نے اپنی یورپی پارلیمنٹ اور یوپری یونین میں کی گئی سرگرمیوں کی رپورٹ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو پیش کی۔ انھوں نے اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو برسلز کے دورے کی دعوت بھی دی تاکہ وہ ممبران یورپی پارلیمنٹ سے خطاب بھی کر یں اور یورپی یونین اور دیگر اداروں میں ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کی نمائندگی بھی کرسکیں۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے برسلز کے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وقت کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔ اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کے بعدکی صورتحال پر نظر رکھی جائے اور اپنا کام جاری رکھیں کیونکہ ہم کشمیریوں کی یورپی یونین سے بڑی توقعات وابستہ ہیں کیونکہ یورپی یونین ستائیس ممالک کا ایک بڑا ادارہ ہے یہ کوئی بھی اقدام اٹھا سکتا ہے۔

کچھ عرصہ قبل یورپی پارلیمنٹ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر ایک قرارداد بھی پاس کی تھی یہ اسوقت پاس کی گئی تھی جب اوڑی میں اجتماعی قبریں دریافت ہوئی تھیں۔اسلئے یورپی یونین ہمارے لئے ایک اہم ادارے کی حیثیت رکھتا ہے۔ہم نے کچھ عرصہ قبل برسلز میں ملین مارچ کرکے ان اداروں کے ضمیر کو جھنجوڑا تھاکہ یہ ادارے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالی پر اپنی آواز بلند کریں۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے چوہدری نصیر سے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم بڑھتے جا رہے ہیں اور آئے روز کشمیریوں کو شہید کیا جا رہا ہے ۔ یہ مسئلہ بھی یورپی یونین اور یورپی پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے اور اسکے ساتھ ساتھ سیئز فائر لائن پر بھی بھارت کی خلاف ورزیاں بڑھتی جا رہی ہیں اور بھارت کی خلاف ورزیوں کا یہ سلسلہ اب ورکنگ بائونڈری پر بھی پھیل گیا ہے نہتے اور بے گناہ لوگوں کو شہید کیا جا رہا ہے۔لہذا عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔