سپریم کورٹ پنجاب میں جعلی پولیس مقابلے کرانے اور کرنے والوں سے بھی حساب لے، چودھری پرویزالٰہی کی شیخوپورہ بار کے وفد سے گفتگو

انصاف کا راستہ روکنے والوں کو جانا ہو گا، شیخوپورہ بار کے صدر غلام مرتضیٰ ورک، سیکرٹری ریحانہ گھمن کی قیادت میں وفد کی ملاقات

اتوار 21 جنوری 2018 16:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ پنجاب میں جعلی پولیس مقابلے کرانے اور کرنے والوں سے بھی حساب لے، آئین و قانون کی حکمرانی اور مظلوموں کو انصاف دلانے کیلئے وکلا برادری کی جدوجہد ہماری تاریخ کا روشن باب ہے، انصاف کا راستہ روکنے والوں کو اب جانا ہو گا۔

وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر شیخوپورہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر چودھری غلام مرتضیٰ ورک، سیکرٹری ریحانہ ناز گھمن اور سینئر ارکان و معروف وکلا پر مشتمل وفد سے گفتگو کر رہے تھے جن میں غلام رسول چودھری، ناصر جاوید چیمہ، عبدالرئوف بھٹی، احمد مرتضیٰ ورک، مس ملیحہ اور مس ثنا اکبر بھی شامل تھیں۔

(جاری ہے)

ملاقات میں مسلم لیگی رہنمائوں چودھری عطاء اللہ ورک، شکیل عطا اللہ ورک، کے علاوہ نعمان رضا بھی موجود تھے۔

وکلا نے پنجاب میں چودھری پرویزالٰہی کی حکومت کے دوران ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں باالخصوص وکلا کی فلاح و بہبود اور انصاف کی جلد فراہمی اور جرائم کے خاتمہ کیلئے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی جن میں مجرموں کو موثر سزائوں کیلئے پنجاب کریمنل پراسکیوشن کا قیام بھی شامل ہے جبکہ پنجاب پبلک ڈیفنڈر سروس بھی شروع کی گئی تاکہ استطاعت سے محروم افراد کو مفت قانونی امداد فراہم کی جائے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ شہبازشریف نے میرے ہر اچھے کام کو ختم کر دیا یا ختم کرنے کی کوشش کی جن میں وکلا کیلئے سرکاری ہسپتالوں میں دی گئی مفت علاج و آپریشن کی سہولیات بھی شامل تھیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے اپنے دور میں وکلا برادری کیلئے کیے گئے دیگر اقدامات کا بھی ذکر کیا جن میں تحصیل بار کی سطح تک سالانہ فنڈز کی باقاعدہ فراہمی، تمام اضلاع میں جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر، وکلا کیلئے رہائشی کالونیاں اور ان کی تمام سرکاری محکموں میں بطور لیگل ایڈوائزر کی تقرری بھی شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :