مقبوضہ کشمیر،حریت رہنمائوں اور تنظیموں کا گائوکدل قتل عام کے شہداء کو 28 ویں برسی پرشاندار خراج عقیدت

کشمیر میں پیش آنے والے قتل عام کے واقعات کی جگہوں پر یادگاریںقائم کرنے کی اپیل

اتوار 21 جنوری 2018 15:11

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2018ء) مقبوضہ کشمیر میں مختلف حریت پسند رہنمائوں اور تنظیموںنے گائوکدل قتل عام کی28ویں برسی پر اس سانحے میں شہید ہونے والے افراد کوشاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حصول مقصد تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم دہرایا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق میرواعظ عمرفاروق کی زیرقیادت حریت فورم نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے معصوم بچوں،نوجوانوں، خواتین اور بزرگوںنے ایک عظیم نصب العین اور کشمیریوں کے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کے حصول کیلئے قربانیاں دی ہیں اور ہماری یہ جدوجہد حصول مقصد تک جاری رہے گی۔

انہوںنے بھارتی تحقیقاتی ادرے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے سینئر حریت رہنما شبیر احمد شاہ کی اہلیہ کے نام تازہ سمن جاری کرنے کو مضحکہ خیز، انتقامی اور افسوسناک کارروائی قرار دیتے ہوئے اس کی شدیدمذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں کا مقصد مزاحمتی قیادت کو مرعوب اور ہراساںکرنا ہے۔ترجمان نے کہاکہ ان ہتھکنڈوں سے حریت پسند قیادت کو اپنی مبنی برحق جد وجہد سے دستبردار ہونے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا۔

پیپلز پولیٹکل فرنٹ کے چیئرمین محمد مصدق عادل نے شہدائے گائو کدل کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ سانحہ کشمیر کی خون آلود تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش باب ہے جو اہل کشمیر کو مدتوں بھارتی فورسزکے مظالم کی یاددلاتا رہے گا۔مصدق عادل نے افسوس کااظہارکیا کہ جمہوریت کاراگ الاپنے والابھارت آ ج تک ان شہداء کے لواحقین کو انصاف دلانے اور قتل عام میں ملوث فورسز اہلکاروں کو سزا دینے میں ناکام رہا۔

حریت رہنما بلال احمد صدیقی نے اپنے بیان میں کہا کہ شہداء کے لیے سب سے بہترین خراج عقیدت یہ ہو گا کہ ہم پورے اخلاص اور یکسوئی کے ساتھ تحریک آزادی کے ساتھ وفاداری کا عہد نبھائیں اور کسی دھونس یا دبائو میں آئے بغیر حصول منزل کی جانب اپنا سفر جاری رکھیں۔حریت رہنمائوں فردوس احمد شاہ،غلام نبی وار اور جموں کشمیر ایمپلائز مومنٹ کے چیئرمین محمد شفیع لون نے بھی شہدائے گائوکدل کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

دریں اثناء گائو کدل قتل عام کی 28ویں برسی کے موقع پر سول سوسائٹی کے ارکان نے پرتاپ پارک سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہو ئے قتل عام میں ملوث بھارتی فورسزکے اہلکاروں کو سزادلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ سول سو سائٹی کے ارکان نے کہا کہ 28سال گزر جانے کے باوجود قتل عام میں ملوث فورسز اہلکاروں کے خلاف کو ئی کارروائی نہیں کی گئی اور نہ تحقیقات کا حکم دیا گیا ۔

پروفیسر حمیدہ نعیم نے اس موقع پرعوام سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں پیش آنے والے قتل عام کے واقعات کی جگہوں پر یادگاریںقائم کریں تاکہ آزادی کیلئے دی جانے والی قربانیوں کے شواہد آنے والی نسلوں کیلئے موجود رہیں۔انہوں نے کہاکہ آزادی کا سورج طلوع ہونے کے بعد ہماری آنے والی نسلوں کیلئے یہ ہماری قربانیوں کی یادگاریں ہو ںگی اور انہیں یاد رہے گا کہ ہمارے بزرگوں نے آزادی کیلئے کتنی قربانیاں دی ہیں۔

متعلقہ عنوان :