بھارتی کٹھ پتلی انتظامیہ نے جموں وکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ 2 روز کی رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کرلیا

ترجمان جموں کشمیر پیپلز لیگ کی حریت پسند رہنمائوں کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت

اتوار 21 جنوری 2018 15:10

مظفرآباد/سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جنوری2018ء) بھارتی کٹھ پتلی انتظامیہ نے جموں وکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین و سینئر حریت لیڈر مختار احمد وازہ دو روز کی رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کرلیا۔ ترجمان جموں کشمیر پیپلز لیگ نے مختار احمد وازہ سمیت دیگر حریت پسند رہنمائوں کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آزادی مانگنے پر گرفتاریاں قابل مذمت ہیں۔

بھارت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیری مرعوب نہیں ہونگے۔ انہوںنے سانحہ گاو کدل کے موقع پر بے گناہ کشمیریوں کی شہادت کے بعد ورثاء کو تاحال انصاف نہ ملنے پر بھی بھارت اور اس کی کٹھ پتلی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارتی جارحیت کا نوٹس لیتے ہوئے خطہ میں دیر پا امن کے قیام کیلئے کشمیریوں کے حق میں پاس کردہ قراردادوں کے مطابق انکو پیدائشی حق دلوائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ آئے روز کشمیری عوام کی بلا جواز گرفتاریاں بھارتی نام نہاد جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہیں اور انہوں نے کہا کہ کشمیر کے امن پسند عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پیدائشی حق مانگ رہے ہیں جس پر بھارتی کٹھ پتلی انتظامیہ بے گناہ کشمیریوں کو پابند سلاسل کررہی ہے اس کا عالمی سطح پر نوٹس لیا جائے اورمختار وازہ سمیت دیگر حریت قائدین کو فی الفور رہا کیا جائے۔ مختار وازہ کی طبیعیت انتہائی ناساز ہے اور بار بار انہیں گرفتار کرنا بنیادی انسانی حقوق کی بھی توہین ہے۔