زینب قتل کے ملزمان جلد گرفتار کر کے ضلعے کو امن کاگہوارہ بنائیں گے،ڈی پی او قصور

اتوار 21 جنوری 2018 14:30

قصور۔21جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2018ء) ڈی پی اوقصور زاہد نواز مروت نے کہا کہ زینب قتل کیس میںملوث ملزمان کو جلد ازجلد گرفتار کر کے ضلع قصور کو شہریوں کے تعاون سے امن کاگہوارہ بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ایس ایچ او زکے ساتھ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایس پی انویسٹی گیشن قدوس بیگ،ڈی ایس پی سٹی سعید احمد ،ڈی ایس پی صدر اکرم باجوہ،اے ایس پی چونیاں عمران خاں ،ڈی ایس پی پتوکی علی اختر انصاری،ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرعمران نواز خان،ڈی ایس پی ٹریفک رئیس احمد اور دیگر بھیموجود تھے۔

ڈی پی او نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ عوام کے ساتھ شائستہ رویہ اختیارکریں،کسی بھی زیادتی پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ مقدمات کی تفتیش کیلئے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کوبروئے کار لایا جائے گا، تفتیش میں میرٹ اولین ترجیح ہے اور بددیانتی کسی صورت معاف نہیں کی جائے گی ۔انھوں نے کہا کہ شہریوں کی ناجائز حراست،اخفاء جرائم ،جھوٹے مقدمات کا اندراج اور تھانوں میں کرپشن کی معمولی شکایت کوبھی قطعاًبرداشت نہیں کیا جائے گا ،مجرمان اشتہاریوں ، ڈاکوئوں،منشیات فروشوں ،جووئے کے اڈوں اورقحبہ خانوں کے خلاف سخت ترین کریک ڈائون ہوگا ۔

دریں اثناء ڈی پی او نے قصور میں امن وامان کے قیام کویقینی بنانے اور عوامی رابطہ مہم کو مستحکم کرنے کیلیے شہر کے مختلف بازاروں کا دورہ کیا۔اس موقع پر انجمن تاجراں قصور کے عہدیداران، امن کمیٹی کے ممبران،سول سوسائٹی کے اراکین، صحافی ودیگر شہری بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈی پی او نے زینب قتل کیس میں پولیس کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کے متعلق شرکاء کو آگاہ کیا اور کہا کہ سفاک ملزم کی گرفتار ی کیلئے پولیس کا ساتھ دیں،درندہ صفت ملزم کسی معافی کا مستحق نہیں اور انشاء اللہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے شہر کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔تمام تنظیموں نے پولیس کیساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ ہم پولیس کیساتھ شانہ بشانہ ساتھ کھڑے ہیں۔

متعلقہ عنوان :