1غیر قانونی پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں آصف ہاشمی کی قریبی ساتھی گرفتار ، آج ریمانڈ کیلئے احتساب عدالت میں پیش کیا جائیگا

ملزمہ ڈپٹی سیکرٹری ای ٹی پی بی تعینات رہی ،اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر پلاٹوں کے 451 الاٹمنٹ لیٹر سائن کیے

اتوار 21 جنوری 2018 14:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2018ء) سابق چیئرمین مین متروکہ وقف املاک بورڈ آصف ہاشمی کے خلاف پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کیس میں ایک اوراہم پیشرفت ،قومی احتساب بیورو(نیب ) لاہور نے 451غیر قانونی پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں آصف ہاشمی کی قریبی ساتھی ملزمہ (ف ب) کو گرفتار کر لیا۔ترجمان نیب کے مطابق ملزمہ ڈپٹی سیکرٹری ای ٹی پی بی تعینات رہی اور اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر پلاٹوں کے 451 الاٹمنٹ لیٹر سائن کیے۔

ملزمہ نے بھیس بدل کر سمن آباد کے علاقے میں روپوشی اختیار کر رکھی تھی۔نیب لاہور کی جانب سے دیگر شریک ملزمان سابق وائس چیئرمین چوہدری ریاض احمد اور سعید رحمان خٹک کی گرفتاری چند روز قبل عمل میں لائی گئی ، ملزمان نے آپس کی ملی بھگت سے غیر قانونی پلاٹوں کی الاٹمنٹ سے قومی خزانے کو 1ارب 20کروڑ 62لاکھ 76ہزار 745روپے کا نقصان پہنچایا، ملزمان نے آصف ہاشمی کے ساتھ مل کر پلاٹوں کی یہ غیر قانونی الاٹمنٹس 2008ء سے 2012ء کے درمیان متروکہ وقف املاک کے ملازمین میں کیں۔

(جاری ہے)

نیب لاہور کی جانب سے آصف ہاشمی کے خلاف کرپشن کی بنیاد پر ریفرنس دائر ہو چکا ہے جس پر کیس احتساب عدالت لاہور میں زیر سماعت ہے۔ نیب حکام گرفتار ملزمہ کو حصولِ ریمانڈ کیلئے آج احتساب عدالت کے روبرو پیش کریں گے۔