لکس سٹار ایوارڈ میں نامزدگی اعزاز ، آسکر ایوارڈ حاصل کرنے کا خواہشمند ہوں ‘ احسن خان

’ چھپن چھپائی ‘‘ کے بعد آئندہ آنے والے پراجیکٹ میں نیلم منیر ایک مرتبہ پھر میرے ساتھ پرفارم کرینگی

اتوار 21 جنوری 2018 13:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2018ء)اداکار احسن خان نے کہا ہے کہ فلم ’’ چھپن چھپائی ‘‘ کی کامیابی کے بعد میری بطور بہترین اداکار لکس سٹار ایوارڈ میں نامزدگی ایک انعام ہے ، لکس سٹار ایوارڈ حاصل کرنا یا نہ کرنا اس سے مجھے کوئی غرض نہیں میرے لیے اسی ایوارڈ کیلئے نامزدگی بڑا اعزاز ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ’’ این این آئی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ذاتی طور پر میں بین الاقوامی آسکر ایوارڈ حاصل کرنے کا خواہشمند ہوں اور خدا کے فضل سے ایک دن ایسا آئے گا جب میری نامزدگی آسکر ایوارڈ کے لئے بھی ہو گی ۔

آسکر کو دنیا کا سب سے بڑا ایوارڈ تصور کیا جاتا ہے جس کا حصول ہر اداکار کی خواہش ہوتی ہے اور آنے والے پراجیکٹ میں ایسی پرفارمنس کا مظاہرہ کر رہا ہوں جس کے بعد مجھے یقین ہے کہ میرا نام آسکر کے لئے نامزد کیا جائے گا ۔ احسن خان نے کہا کہ فلم ’’ چھپن چھپائی ‘‘ کی کامیابی سے میری اور نیلم منیر کی جوڑی کو فلم بینوں کی جانب سے بھرپور مقبولیت ملی ہے اور آئندہ آنے والے پراجیکٹ میں نیلم منیر ایک مرتبہ پھر میرے ساتھ پرفارم کریں گی ۔