بھارتی فوج کی نکیال سیکٹر پر فائرنگ ، خاتون سمیت دو شہری شہید،بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکی پانچ ویں بار دفتر خارجہ طلبی

احتجاج ریکارڈ کرایا اور حتجاجی مراسلہ دیا،شہری آبادی پر فائرنگ انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، بھارت 2003 کے سیز فائر معاہدے کی پاسداری اور سیز فائر کی خلاف ورزی کے پے درپے واقعات کی تحقیقات کرے اور اس کے نتائج سے آگاہ کرے،دفتر خارجہ

اتوار 21 جنوری 2018 12:51

بھارتی فوج کی نکیال سیکٹر پر فائرنگ ، خاتون سمیت دو شہری شہید،بھارتی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جنوری2018ء) بھارتی فوج کی نکیال سیکٹر پر فائرنگ سے خاتون سمیت دو شہری شہید ہوگئے ، دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کی رواں ہفتے پانچ ویں بار دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا اور حتجاجی مراسلہ دیا ۔تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کرکے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بانڈری پر بھارتی فائرنگ سے خاتون سمیت 2 شہریوں کی شہادت پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔

دفتر خارجہ کے مطابق ایل او سی کے نکیال سیکٹر پر بھارت کی 18 چوکیوں سے بلااشتعال فائر نگ کی گئی جس کے نتیجے میں 33 سالہ دل محمد ولد جان محمد اور 25 سالہ نفیسہ زوجہ کامران شہید ہوگئیں جب کہ فائرنگ کے نتیجے میں 6 ماہ کی بچی اور 2 خواتین شدید زخمی ہوگئیں تھیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

زخمیوں میں 26 سالہ صاحبہ زوجہ ماجد، چھ ماہ کی بچی نور دختر ماجد اور 38 سالہ نسیمہ زوجہ خادم حسین شامل ہیں۔

دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جی پی سنگھ کو احتجاجی مراسلہ دیتے ہوئے کہا کہ شہری آبادی پر فائرنگ انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، بھارت 2003 کے سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرے، بھارت سیز فائر کی خلاف ورزی کے پے درپے واقعات کی تحقیقات کرے اور اس کے نتائج سے آگاہ کرے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کی رواں ہفتے پانچ ویں بار دفتر خارجہ طلبی ہوئی اور ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فورسز کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کی گئیں۔ بھارتی فورسز نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں بیس اور اکیس جنوری کو کیں۔