مقبوضہ کشمیر،مسلم لیگ کی کولگام میں بے گناہ نوجوانوںکی مسلسل نظربند ی کی شدید مذمت

اتوار 21 جنوری 2018 12:50

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2018ء) مقبوضہ کشمیر میںمسلم لیگ جموں وکشمیر نے ضلع کولگام میں قیموہ کے علاقے رام پورہ سے تعلق رکھنے والے بے گناہ نوجوانوں بلال احمد شیخ، فہیم احمد شیخ، رئوف احمد شیخ اورخالد احمد شیخ ، ونپوہ کے ماجد احمد زرگر ، گنجی پورہ کے شمس الوقاص اور رینگت کے عطا محمد کو گزشتہ دو ماہ سے پولیس ٹاسک فورس کے کیمپ میں بلاجواز نظربند رکھنے کی شدید مذمت کی ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مسلم لیگ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ نوجوانوں کو کیمپ میں جسمانی تشدد کا نشانہ بنانا اور عزیزو اقارب کو ان سے ملنے کی اجازت نہ دینا غیر اخلاقی اور انسانیت سوز حرکت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ نوجوانوں کو دو ماہ قبل گرفتار کر کے نظربند کیاگیا جہاں انہیں مسلسل بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور انہیں اپنے اہل خانہ سے ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ نوجوانوں کو حبس بے جا میں رکھا گیا ہے اور انہیں نہ رہا کیا جارہا اور نہ کسی عدالت کے سامنے پیش کیا جارہا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ ان نوجوانوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کیا جارہا ہے اور قانون کے نام نہاد محافظ ہی قانون کی دھجیاں بکھیر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح آئے روز نوجوانوں کو جرمِ بے گناہی کی سزا دے کر سلاخوں کے پیچھے دھکیلا جاتا ہے اس سے کشمیری نوجوانوں کے حوالے سے بھارتی پولیس اور کٹھ پتلی انتظامیہ کی ظالمانہ پالیسی بے نقاب ہوجاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :