’’پدماوت‘‘ میں گرافکس کا استعمال، دپیکا کی کمر چھپا دی گئی

فلم ’پدماوت‘ کو آخر کار رواں ماہ 25 تاریخ کو ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے

اتوار 21 جنوری 2018 11:50

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2018ء) بالی ووڈ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’پدماوت‘ کو ہندوستانی سینسر بورڈ نے ریلیز کی اجازت تو دی، لیکن اب ناظرین کو اس فلم میں پہلے کے مقابلے متعدد تبدیلیاں نظر آئیں گی، جن میں سے کچھ تبدیلیاں فلم کے گانے ’گھومر‘ میں کی گئی ہیں۔فلم ’پدماوت‘ کا گانا گھومر گزشتہ سال ریلیز کیا گیا تھا، جس میں دپیکا پڈوکون عروسی جوڑے میں رقص کرتی نظر آئیں، جبکہ شاہد کپور بھی چند سینز میں موجود تھے۔

خیال رہے کہ گھومر ایک خاص انداز کا رقص ہے جسے راجپوت خواتین خوشی کے مواقع پر کرتی ہیں، اس کے علاوہ یہ ڈانس راجپوت کی نئی دلہن اس وقت بھی کرتی ہے جب وہ اپنے سسرال پہلی مرتبہ جاتی ہے۔گھومر ’گھومنے‘ کے الفاظ سے نکلا ہے، اس ڈانس میں سب سے زیادہ مشکل اور اہم کام گھومنا ہی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم ہندوستانی انتہا پسند تنظیم نے اس گانے میں دپیکا پڈوکون کے لباس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انہوں نے فلم میں رانی پدمنی کا کردار ادا کیا جبکہ ان کی رانی ایسا لباس پہن کر کبھی بھی رقص نہیں کرتی جس میں ان کی کمر نظر آرہی ہو۔

جس کے بعد سینسر بورڈ نے فلم کو ریلیز کی اجازت دینے کے لیے ہدایت کار سے گانے میں دپیکا کی کمر چھپانے کا مطالبہ کیا۔اور اب اس گانے کا نیا ورڑن ریلیز کردیا گیا ہے جس میں دپیکا پڈوکون کی کمر کمپیوٹر گرافکس کی مدد سے چھپا دی گئی ہے۔اس گانے کی شوٹنگ کے حوالے سے دپیکا پڈوکون کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ ’یہ اب تک کا سب سے مشکل ڈانس رہا ہوگا جو سنجے سر اور میں نے ایک ساتھ شوٹ کیا، پدماوتی کی شوٹنگ کا آغاز اس ہی گانے کے ساتھ ہوا تھا، اور میں وہ دن کبھی نہیں بھولوں گی، اس دن شوٹنگ کا آغاز کرتے ہی مجھے ایسا لگا جیسے پدماوتی کی روح میرے اندر داخل ہوگئی ہے اور یہ جذبات شاید طویل عرصے تک میرے ساتھ رہیں گے۔

خیال رہے کہ فلم ’پدماوت‘ کو آخر کار رواں ماہ 25 تاریخ کو ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :