علی گڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کے تعاون سے قائد اعظم کوئز مقابلہ

Ameen Akbar امین اکبر اتوار 21 جنوری 2018 02:06

علی گڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام پاکستان کوئز سوسائٹی ..

پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کے تعاون سے علی گڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں قائداعظم کوئز مقابلے کا انعقاد کیا گیا
علی گڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کے تعاون سے قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کی مناسبت سے بین الکلیاتی و بین الجامعاتی مقابلہ معلومات عامہ بعنوان قائد اعظم کوئز سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی کے بشیر جمعہ آڈیٹوریم میں 16 جنوری 2018ء کو منعقد ہوا جس کے  مہمان خصوصی مشیر برائے چانسلر سیر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سراج خلجی تھے۔

اس تقریب میں مہمان خصوصی نے اپنے خطاب    میں قائداعظم محمد علی جناح کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم ایک بے باک، با اصول اور نڈر سیاستدان تھے جنہوں نے انتہائی کامیابی سے بر صغیر کے مسلمانوں کو سیاسی شعور سے ہمکنار کیا اور انہیں ایک الگ آزاد مملکت کا تحفہ دیا تاکہ وہ اپنی مذہبی، ثقافتی اور تمدنی روایات کے مطابق آزادانہ زندگی گزار سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے خطاب میں طلبہ و طالبات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ قائد اعظم کے ایمان، اتحاد اور تنظیم کے زریں اصولوں پر رہتے ہوئے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا مقدور بھر حصہ ڈالیں ۔
اس کوئز مقابلے کی میزبانی کے فرائض سیدہ تحسین فاطمہ اور سید بکر مجیب ہاشمی نے اور ججزکے فرائض معروف کوئزر اور پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کے سرپرست علیٰ سید جاوید رضا، انجینئر سید شاکر علی اور شاہد جمیل نے انجام دیے۔

ججز کے متفقہ فیصلے کے مطابق کامکس کالج جوہر کیمپس کی یاسمین مجیداور زلیخا عدنان نے پہلی،کراچی یونیورسٹی کے محمد عمار اور ارم شفیق نے دوسری اور مہران ڈگری گرلز کالج کی رملہ شاہد اور ا ٓمنہ وہرہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع پرپاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کے صدر معروف محقق و شاعر عقیل عباس جعفری، واجد رضا اصفہانی، سعید احمد سعید، سید ایاز رضا ترمذی، محمد عارف سومرو، علی گڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ایوننگ پروگرام کے انچارج سید ریحان علی، نفیس احمد خان، توصیف عالم اور وقار شیرانی بھی موجود تھے۔ ا ٓخر میں مہمانِ خصوصی نے اس کوئز مقابلے میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں انعامات اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔