لاہور، پیر حمید الدین سیالوی نے ر انا ثناء اللہ کی برطرفی کیلئے سات دن کی ڈیڈ لائن دیدی

ڈیڈ لائن ختم ہونے تک مطالبات پورے نہ ہوئے تو پورا پنجاب بند اور ملک بھر کے مشائخ مریدوں کے ساتھ سڑکوں پر نکل آئیں گے ،سجادہ نشیں سیال شریف کا تاجدار ختم نبوت کانفرنس کے آخر میں صدارتی خطاب کانفرنس میں ہزاروں مشائخ کا آئندہ الیکشن میں ن لیگ کو ووٹ نہ دینے کا بھی اعلان قصور کی معصوم زینب کے سفاک قاتل کو فی الفور گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے، امریکہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت بنانے کا فیصلہ واپس لے اقوام متحدہ کنڑول لائن پر بھارتی فائرنگ کا نوٹس لے، ٹرمپ کی پاکستان مخالف ٹویٹ کی شدید مزمت، پوری قوم دفاع وطن کے لئے پاک فوج کے ساتھ ہے اہل سنت دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، حکومت امریکہ اور بھارت کی دھمکیوں کا منہ توڑ جواب دے، قادیانیوں کو کلیدی عہدوں سے الگ کیا جائے۔ ختم نبوت کا مضمون شامل نصاب کیا جائے،کانفرنس میں مختلف قرار دادوں کی منظور

ہفتہ 20 جنوری 2018 22:35

لاہور، پیر حمید الدین سیالوی نے ر انا ثناء اللہ کی برطرفی کیلئے سات ..
لور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2018ء) سیال شریف کے سجادہ نشیں پیر حمید الدین سیالوی نے وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کی برطرفی کے لئے سات دن کی ڈیڈ لائن دے دی۔ ڈیڈ لائن ختم ہونے تک مطالبات پورے نہ ہوئے تو پورا پنجاب بند کر دیں گے اور ملک بھر کے مشائخ مریدوں کے ساتھ سڑکوں پر نکل آئیں گے۔ اس بات کا اعلان پیر سیال شریف کی کال اور سنی اتحاد کونسل کی میزبانی میں داتا دربار چوک میں منعقدہ تاجدار ختم نبوت کانفرنس کے آخر میں خواجہ حمید الدین سیالوی نے صدارتی تقریر کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس میں ہزاروں مشائخ نے آئندہ الیکشن میں ن لیگ کو ووٹ نہ دینے کا اعلان بھی کیا۔ کانفرنس دوپہر 4بجے شروع ہوکر رات 9بجے تک جاری رہی۔کانفرنس سے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا، جے یو پی نورانی کے صدر صاحبزادہ ڈاکٹر ابو الخیر زبیر، تحریک لبیک یا رسول اللہ کے چیئرمین ڈاکٹر اشرف آصف جلالی، جماعت اہل سنت پنجاب کے صدر مفتی محمد اقبال چشتی، پیر مدثر تونسوی، سنی تحریک کے صدر بلال سلیم قادری، صاحبزادہ نظام الدین سیالوی، قومی اسمبلی سے مستعفی رکن غلام بی بی بھروانہ، پیر شمس الرحمن مشہدی کاظمی، پیر سید شمس الدین بخاری، پیر خضر حسین شاہ چشتی، صاحبزادہ حسن رضا، بیرسٹر حسین رضا، مولانا محمد علی نقشبندی، صاحبزادہ محبوب الحسن سواگ شریف، پیر سید سعید احمد شاہ گجراتی، صاحبزاہ حامد عزیز، علامہ قاری زوار بہادر، صاحبزادہ رضائے مصطفے اور دیگر علماء و مشائخ نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

محمد نواز کھرل نے سٹیج سیکریٹری کے فرائض سرانجام دیئے۔ کانفرنس میں پنجاب کے مختلف شہروں سے لاکھوں عاشقان رسول نے قافلوں کی صورت میں شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیر حمید الدین سیالوی نے کہا کہ ملک میں نفاذ شریعت تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ ختم نبوت کے غداروں سے کوئی مفاہمت نہیں ہو سکتی۔ ہم گردنیں کٹوا دیں گے لیکن ظالم حکمرانوں کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔

ہماری تحریک ختم نبوت فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔ ہماری منزل انقلاب نظام مصطفے ہے۔ رانا ثناء اللہ جیسے قادیانیت نواز وزیر کو برطرف نہ کر کے پنجاب کے وزیراعلی نے اللہ اور اس کے رسول کو ناراض کر لیا ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ اپنے مطالبات منوانے اور عقیدہ ختم نبوت کے لئے لانگ مارچ اور لاک ڈاؤن سمیت احتجاج کا ہر طریقہ استعمال کریں گے۔

ہم رانا ثنائاللہ کے ساتھ ساتھ شہباز شریف کو بھی استعفی دینے پر مجبور کریں گے۔ ہماری ختم نبوت سے غداری کرنے والے حکمرانوں سے کھلی جنگ ہے۔تحریک کے اگلے مرحلے میں شٹر ڈائون ہڑتال ، جلوس، جلسے اور دھرنے ہوں گے۔شریف برادران نے راناثناء اللہ جیسے غدار ِ ختم نبوت کو برطرف نہ کرکے اللہ کے عذاب کودعوت دی ہے اور ملک بھر کے عاشقان رسول کو ناراض کر لیا ہے۔

ہماری جدو جہد کا مقصد سیاست نہیں عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کا تحفظ ہے۔ ہم پاک سرزمین پر قادیانی لابی کی اسلام و پاکستان دشمن سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ پاکستان کا مقدر سیکولرازم نہیں نظام مصطفی ہے۔ صوفیاء کے پیرو کار پاکستان کی حقیقی طاقت ہیں۔ قادیانی اسلام و پاکستان دشمن عالمی قوتوں کے ایجنٹ ہیں۔ قادیانیت انگریز کا لگایا ہو ا پودا ہے۔

ختم نبوت حلف نامہ تبدیل کرنے والوں کو سزا ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ قادیانیوں کا ہیڈ کوارٹراسرائیل کے شہر تل ابیب میں ہے۔جمعیت علماء پاکستان (نورانی) کے سیکریٹری جنرل صاحبزادہ ابو لخیر محمد زبیر نے کہا کہ اہل حق منکرین ختم نبوت کا تعاقب کرتے رہیں گے۔ ختم نبوت کے غداروں کو تحفظ دینے والے حکمرانوں سے اب ہماری کھلی جنگ ہے۔ ہماری عقیدتوں کا مرکز جاتی امرا نہیں مکہ اور مدینہ ہے۔

رانا ثناء اللہ کو برطرف نہ کیا گیا تو حکومتی ایوانوں کا گھیرائو کیا جائے گا۔ اسلام دشمن حکومت کا دھڑن تختہ کرنے کے لیے سروں پر کفن باندھ کر میدان میں نکلیں گے ۔ہمارے حکمرانوں نے غیر ملکی آقائوں کو خوش کرنے کے لیے ختم نبوت حلف نامہ تبدیل کرنے کی سازش کی۔ آئندہ الیکشن میں ن لیگ کو ختم نبوت سے غداری کا حساب اور جواب دینا پڑے گا۔ اہل سنت کا کاروان مشائخ کی قیادت میں منزل پر پہنچ کر دم لے گا۔

لگتا ہے رانا ثناء اللہ کو بچاتے بچاتے ساری حکومت کی چھٹی ہو جائے گی۔ شہدائے ختم نبوت کے قتل کے ذمہ دار حکمران ہیں۔ تحریک لبیک یارسول اللہ کے چیئرمین علامہ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے اعلان کیا کہ 27جنوری سے جیل بھرو تحریک چلائی جائیگی اور ہر روز سینکڑو ں عاشقان رسول گرفتاریاں پیش کریں گے۔ اہل حق فتنہ قادیانیت کی سرکو بی کے لیے ہر محاذ پر جدو جہد جاری رکھیں گے۔

قادیانی اسلام اور پاکستان کے کھلے دشمن ہیں۔ مسلمانوں کے خلاف نئی صلیبی جنگ شروع ہو چکی ہے۔ پاکستان میں امریکہ نہیں اللہ اور اس کے رسول کا حکم چلے گا۔ حکومت قادیانیت نوازی سے باز آجائے۔ راناثناء اللہ کی برطرفی پوری قوم کا مطالبہ ہے۔ امریکہ نے بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دیکر عالم اسلام کے خلاف اعلان جنگ کردیا ہے۔ پاکستان کے اسلامی تشخص کو ختم نہیں ہونے دیں گے۔

نظام مصطفی ہی ملک کے تمام مسائل کا حل ہے۔ پنجاب کے حکمران فرعون بن چکے ہیں۔ ہم پیر سیال کے ہر حکم کے پابند ہیں۔ ختم نبوت کے لیے سب کچھ قربان کیا جاسکتا ہے۔قوم نااہل اور ناکام حکمرانو ں سے بیزار اور مایوس ہے۔ رانا ثناء اللہ کو کفریہ کلمات پر تجدید ایمان کر نا ہوگی۔ رانا ثناء اللہ کا تحفظ کرنے والے پنجاب کے حکمران اپنی عاقبت خراب کررہے ہیں۔

تحریک ختم نبوت کا دائرہ ملک بھر میں پھیلایا جائے گا۔ ہمارے حکمران سیکولر اور قادیانی لابی کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ جماعت اہلسنّت پنجاب کے صدر مفتی محمد اقبال چشتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عاشقان رسول ناموس رسالت کی پاسبانی اور ختم نبوت کی حکمرانی کے لیے صف بندی کرچکے ہیں۔ پاکستان کے اکثریتی اور محب وطن مکتبہ فکر کی شیرازہ بندی انقلاب نظام مصطفی کا پیش خیمہ ثابت ہو گی۔

پاکستان میں ٹرمپ ازم برداشت نہیں کریں گے۔ ختم نبوت حلف نامہ تبدیل کرنے والوں کو آئندہ الیکشن میں شکست فاش دیں گے۔ پیر سیال شریف کے حکم پر ایک گھنٹہ کے نوٹس پر پورا ملک جام کرسکتے ہیں۔ رانا ثناء اللہ سے وفاداری اور ختم نبوت سے غداری کرنے والے حکمران ناقابل قبول ہیں۔ عاشقان رسول کو اگلا دھرنا جاتی امرا میں دینے پر مجبور نہ کیا جائے۔

نااہل حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے۔ اہلسنّت آئندہ الیکشن میں ایک پلیٹ فارم سے حصہ لیں گے۔کانفرنس میں منظور کی گئی قرار دوں میں مطالبہ کیا گیا کہ قصور کی معصوم زینب کے سفاک قاتل کو فی الفور گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ امریکہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت بنانے کا فیصلہ واپس لے۔ اقوام متحدہ کنڑول لائن پر بھارتی فائرنگ کا نوٹس لے۔

ٹرمپ کی پاکستان مخالف ٹویٹ کی شدید مزمت کرتے ہوئے اعلان کیا گیا کہ پوری قوم دفاع وطن کے لئے پاک فوج کے ساتھ ہے۔ اہل سنت دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ حکومت امریکہ اور بھارت کی دھمکیوں کا منہ توڑ جواب دے۔ قادیانیوں کو کلیدی عہدوں سے الگ کیا جائے۔ ختم نبوت کا مضمون شامل نصاب کیا جائے۔