Live Updates

ملک میں گالی اور افراتفری کی سیاست کے ذمہ دار عمران خان ہیں، مشاہد اللہ خان

عمران خان نے پارلیمنٹ کی توہین کی ہے، پارلیمنٹ ملک کی سب سے بڑا آئینی ادارہ ہے پارلیمنٹ کی توہین کرنے والوں کو آئندہ انتخابات میں عوام عبرت ناک شکست دیںگے، مرکزی سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ (ن)

ہفتہ 20 جنوری 2018 22:23

ملک میں گالی اور افراتفری کی سیاست کے ذمہ دار عمران خان ہیں، مشاہد اللہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ ملک میں گالی اور افراتفری کی سیاست کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔ عمران خان نے پارلیمنٹ کی توہین کی ہے، پارلیمنٹ ملک کی سب سے بڑا آئینی ادارہ ہے پارلیمنٹ کی توہین کرنے والوں کو آئندہ انتخابات میں عوام عبرت ناک شکست دیںگے۔

نوازشریف گالی کی سیاست نہیں کرتے۔ ان کا وژن عوام کی خدمت ہے۔مصطفی کمال اگر صاف کپڑے پہن بھی لیں تو وہ صاف ستھرے نہیں کہلائیںگے ، متحدہ بانی سے علیحدگی اختیار کرنے والوں کے گناہ نہیں دھلیںگے۔ کراچی والے اپنی آنکھیں کھلی رکھیں۔ موجودہ سال انتخابات کا سال ہے، کراچی والے شہر قائد میں امن قائم کرنے والوں کو ووٹ دیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے ہفتہ کو مسلم لیگ ہاؤس کارساز میں مسلم لیگ (ن) کے بلدیاتی نمائندوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سینیٹر سلیم ضیاء،علی اکبرگجر،کے ایم سی میں ن لیگ کے پارلیمانی لیڈر امان خان آفریدی،ڈپٹی پارلیمانی لیڈرندیم اخترآرائیں، چیئرمین رانامحمدوارث، سلارخان، عبدالرحیم شاہ،محب اللہ خان، وقار تنولی،فیروزخان،قاسم مندرا،فردوس خان ، نوازاولکھ، چوہدری محمداسد، شاہد آرائیں، محمدحسین چانیہ، خالدجان،محمدرفیق خان ،حبیب الرحمن، محمدامین مانا،راجہ عبداللہ، کریم شیخ،فوادشاہ، عاصمہ میمن ، تسلیم مبارک، پروین بشیر،خواجہ نیئرشریف،کراچی ڈویڑن کے میڈیا کوآرڈی نیٹرعبدالحمیدبٹ اور خواجہ عدنان سمیت دیگربھی موجود تھے۔

سنیٹرمشاہداللہ نے کہا کہ نوازشریف اس ملک کے حقیقی لیڈر ہیں، مسلم لیگ کی وفاقی حکومت نے چاروں صوبوں میں بلاتفریق عوام کی خدمت کی ہے۔ ساڑھے چار سالوں میں ملک میں موٹروے کا جال بچھایا گیا، توانائی کی قلت ختم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے گئے اور بڑی تعداد میں بجلی گھر لگائے جارہے ہیں جس سے ملک میں بجلی کی قلت تقریباً ختم ہوگئی ہے۔

انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ کے دور حکومت میں ہی ملکی معاشی صورت حال بہتر ہوئی ہے۔ سی پیک منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور ملک میں امن وامان کی صورت حال بہتر ہوئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ نوازشریف وزیراعظم کے عہدے سے ہٹنے کے بعد بھی ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ وفاقی حکومت نوازشریف کے وڑن کے مطابق کام کررہی ہے اور تیزی سے عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ ملک میں دھرنا اور افراتفری کی سیاست عمران خان نے شروع کی، عمران خان آئینی اداروں کا احترام نہیں کرتے ہیں، 2018ئ کے انتخابات میں بھی عمران خان کے وزیراعظم بننے کی خواہش پوری نہیںہوگی، طاہرالقادری اور ان کے اتحادی ملک میں سیاسی صورت حال کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے احتجاج کے باوجود بھی حکومت نہیں جائے گی۔ وفاق اور پنجاب میں حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور آئندہ انتخابات وقت مقررہ پر ہوںگے۔

انہوںنے کہا کہ آئندہ الیکشن میں وہی جماعت کام ہوگی اور برسراقتدار آئے گی جس نے عوام کی خدمت کی ہوگی۔ نیا پاکستان کا نعرہ لگانے والے کے پی کے کو درست نہیں کرسکے وہ آئندہ انتخابات میں بھی شکست سے دوچار ہوکر روتے رہیںگے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ مصطفی کمال اگر صاف کپڑے پہن بھی لیں تو وہ صاف ستھرے نہیں کہلائیںگے کیونکہ وہ ماضی کے گناہوں میں برابر کے شریک رہے ہیں۔

ہم سے زینب کے قتل کا حساب مانگنے والے کراچی میں نقیب اللہ محسود، انتظارحسین اور دیگر بے گناہوں کے خون کا حساب دیں۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت زینب کے قاتلوں کے قریب پہنچ چکی ہے انہیں گرفت میں لاکر عبرت ناک سزا دلوائے گی۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان نے پارلیمنٹ کی توہین کرکے اپنے ووٹر اور مریدنی کی بھی توہین کی ہے کیونکہ مریدنی نے بھی انہیں 2013ء کے الیکشن میں ووٹ دیا تھا، لگتا ہے مریدنی بھی اب ان سے ناراض ہوگئی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ آئندہ وزیراعظم کے لیے مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار مریم نواز یا کوئی بھی ہوسکتا ہے تاہم اس کا فیصلہ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کرے گی۔ کراچی کی صورت حال پر انہوںنے کہا کہ 30 سال تک کراچی میں بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کی گئی، کراچی میں امن قائم کرنے کا خیال کسی جماعت کو نہیں آیا، مسلم لیگ واحد جماعت ہے جس نے آتے ہی سب سے پہلے کراچی میں امن قائم کیا اور کراچی سے بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کا خاتمہ کیا۔

آج کراچی کی روشنی دوبارہ لوٹ آئی ہے اور کراچی میں مکمل امن قائم ہوگیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ پیپلزپارٹی اور آصف علی زرداری کی سندھ حکومت کی کارکردگی صفر ہے، کراچی کے مسائل حل کرنے میں سندھ حکومت سنجیدہ نہیں ہے اور نہ ہی کراچی کے اسٹیک ہولڈرز کا دعویٰ کرنے والے بھی شہر کے مسائل پر کوئی خاص توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ بانی متحدہ سے علیحدگی کرنے والوں کے گناہ نہیں دھلیںگے وہ بھی ماضی میں ہونے والے گناہوں میں برابر شریک رہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ نوازشریف گالی کی سیاست نہیں کرتے وہ ڈی آئی خان بھی گئے لیکن انہوںنے کسی کو گالی نہیں دیں۔ انہوںنے کہا کہ تھرکول منصوبہ بھی نوازشریف کی بدولت شروع ہوا ہے اور سندھ کی ترقی میں وفاقی حکومت بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ کراچی والے اپنی آنکھیں کھلی رکھیں اور کراچی میں امن قائم کرنے والوں کو ہی ووٹ دیں۔ مسلم لیگ (ن) کراچی سمیت صوبہ بھر میں بڑے بڑے جلسے کریںگے۔#
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :