کراچی کی ترقی اور اقتصادی سرگرمیاں ملکی ترقی کے ساتھ منسلک ہیں، کراچی میں امن و امان کی بہتر صورت حال کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کار سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ایک متحرک شخص ہیں ،وہ صوبے کی فلاح و بہبود کے لیے اپنے فرائض ایمانداری سے انجام دے رہے ہیں گورنر سندھ محمد زبیر کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

ہفتہ 20 جنوری 2018 22:12

کراچی کی ترقی اور اقتصادی سرگرمیاں ملکی ترقی کے ساتھ منسلک ہیں، کراچی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کراچی اور سندھ کی اقتصادی خوشحالی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں پر زور دیا ہے۔ ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی اور اقتصادی سرگرمیاں ملکی ترقی کے ساتھ منسلک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے معاشی مرکز کراچی میں امن و امان کی بہتر صورت حال کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کار اب یہاں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت کے کیے جانے والے موثر اقدامات کی بدولت کراچی میں امن و امان کی صورت حال میں کافی بہتر آئی ہے۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ 2013ء سے قبل کراچی میں امن و امان کی صورت حال کافی خراب تھی اور ٹارگٹ کلنگ سمیت بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور سٹریٹ کرائمز زوروں پر تھے لیکن پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی نہ صرف کراچی کے امن بلکہ ملک بھر میں امن و امان کی بہتر صورت حال کے لیے ایسے موثر و ٹھوس اور مثالی اقدامات کیے جن کی بدولت آج کا کراچی 2013ء کے کراچی سے کافی بہتر اور پرامن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ایک ایماندار اور متحرک شخص ہیں جو صوبے کی فلاح و بہبود کے لیے اپنے فرائض ایمانداری سے سر انجام دے رہے ہیں۔ محمد زبیر کا کہنا تھا کہ گورنر ہائوس سندھ کے دروازے تمام سیاسی جماعتوں کے لیے کھلے ہیں اور انہیں یہاں خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کا ایک نمائندہ ہونے کے باوجود میں ایک غیرجانبدار شخص کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت کراچی اور سندھ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس ضمن میں کراچی سمیت سندھ بھر کے عوام کے لیے بنیادی ڈھانچے سمیت بہتر سفری سہولیات اور پینے کے صاف پانی کے متعدد منصوبے شروع کیے ہیں۔