سات روز میں شریعت نافذ کرو،مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو پنجاب کے بازار، گلیاں اور کوچے بند کر دینگے‘ پیر حمید الدین سیالوی

ہم ناموس رسالت ﷺکی حفاظت کے لئے حاضر ہوئے ہیں ، ایک بار نہیں سو ،سو بار بھی اپنی جانیں قربان قربان کرنے کیلئے تیار ہیں شرکاء اسے میری نصیحت اور وصیت سمجھیں اس تحریک کوختم نہیں ہونے دینا ‘ داتا دربار کے باہر ختم نبوت کانفرنسﷺ سے خطاب آئندہ انتخابات ختم نبوت کے وفاداروں اور غد اروں کے درمیان ہونگے ‘اشرف آصف علی جلالی کا27جنوری سے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان

ہفتہ 20 جنوری 2018 22:12

سات روز میں شریعت نافذ کرو،مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو پنجاب کے بازار، ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2018ء) پیر آف سیال شریف پیر حمید الدین سیالوی نے حکومت کو سات روز میں شریعت نافذ کرنے کی مہلت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہمارا مطالبہ تسلیم نہ کیا گیا تو پنجاب کے بازار، گلیاں اور کوچے بند کر دیں گے جبکہ ڈاکٹر اشرف آصف علی جلالی نے 27جنوری سے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے کہا ہے کہ شہباز شریف آستانوں کو خریدنے کا کام بند کرو ،آئندہ عام انتخابات ختم نبوت کے وفاداروں اور غد اروں کے درمیان ہوں گے ، چند مولویوں سے بیان دلوانے سے کام نہیں چلے گا۔

اہل سنت جماعتوں اور تنظیموں کے زیر اہتما م داتا دربار کے باہر ختم نبوت کانفرنس ﷺ کا انعقاد کیا گیا ۔کانفرنس میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے حکومت کے خلاف اور لبیک یارسول اللہ کے نعرے لگائے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور شرکاء کو مختلف مقامات پر جامع تلاشی کے بعد اجتماع گاہ میں داخل ہونے دیا گیا ۔

پیر حمید الدین سیالوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ختم نبوت کانفرنس ﷺمیں شرکت کرنے والوں کے پائوں کوہاتھ لگا کر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ ہم ناموس رسالت ﷺکی حفاظت کے لئے حاضر ہوئے ہیں ، ہم ناموس رسالت کے لئے ایک بار نہیں سو ،سو بار بھی اپنی جانیں قربان کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو سات دن کی مہلت دے رہے ہیں کہ شریعت کا قانون نافذ کرو ورنہ پنجاب کے بازار، گلیاں اور کوچے بند کر دیں گے ۔

انہوںنے کہا کہ مشائخ عظام یہ اعلان کر چکے ہیں کہ (ن) لیگ کو ووٹ نہیں دینا لیکن میں کہتا ہوںہر اس شخص کو ووٹ نہیں دینا جو نبی کریم ﷺ کا غلام نہ ہو ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اجتماع کو دیکھ کر یقین ہو گیا ہے کہ ابھی نبی کریمﷺ کے غلام زندہ ہیں ۔ شرکاء اسے میری نصیحت اور وصیت سمجھیں کہ اس تحریک کوختم نہیں ہونے دینا ۔ انہوںنے کہا کہ رانا تم اپنے بد معاشوں کو بندوقیں پکڑائو ہمارے سینے حاضر ہیں ،ہم دیکھتے ہیں نبی کریم ﷺ کے غلام زیادہ ہیں یا تمہارے بد معاش زیادہ ہیں۔

ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے نے کہا کہ نبی کریم کا غدار اسلا م کا حقدار نہیں ، ختم نبوت کے معاملے پر دو ہر ی پالیسی نہیں چلے گی جو بھی ختم نبوت کو میلی آنکھ سے دیکھے گا اسے نشان عبرت بنا دیا جائے گا،گھبرائو نہیں جلد پردہ چاق کرو نگا ، انشاء اللہ داتا کے دیس سے اہل سنت اپنی سیٹیں جیتے گی، پیر سیالوی کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں ، رانا ثنا ء اللہ کے استعفے کے معاملے پرپیر سیالوی کا بھر پور ساتھ دینگے۔ انہوںنے کہا کہ آئندہ عام انتخابات ختم نبوت کے وفاداروں اور غداروں کے درمیان ہوں گے ،شہباز شریف سے کہتا ہوں کہ آستانوں کو خریدنے کا کام بند کرو،چند مولویوں سے بیان دلوانے سے کام نہیں چلے گا۔

متعلقہ عنوان :