وزیر اعلیٰ بلوچستان کا اچانک شہر کے مختلف حصوں، عدالت روڈ، منان چوک اور جناح روڈ کا دورہ ،شہریوں کے مسائل سنے

ہفتہ 20 جنوری 2018 21:25

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا اچانک شہر کے مختلف حصوں، عدالت روڈ، منان چوک ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جنوری2018ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ہفتہ روز اچانک کوئٹہ شہر کے مختلف حصوں، عدالت روڈ، منان چوک اور جناح روڈ کا دورہ کیا اورشہریوں اور دکانداروں سے ان کو درپیش مشکلات اور شہر کے مسائل سنے جبکہ اس دوران جناح روڈ اور اس سے ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک بلاتعطل چلتی رہی۔ وزیراعلیٰ شہریوں سے گھل مل گئے اور وزیر اعلیٰ کو اپنے درمیان پاکر لوگ خوشگوار حیرت میں مبتلاہوکر ’’بزنجو زندہ باد‘‘ ’وزیراعلیٰ زندبادہ‘‘ کے نعرے لگاتے رہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے جناح روڈ کی خستہ حالی اور کام میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر کوئٹہ اور دیگر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہر کی اس اہم سڑک کی مرمت کا کام جلد شروع کیا جائے اور ٹریفک کے نظام، بلخصوص گاڑیوں کی پارکنگ کو مزید بہتربنایا جائے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کوئٹہ بھر میں صفائی، نکاسی آب اورشہر کو درپیش دیگر مسائل کے حل کو جلد ازجلد یقینی بنانے کے لئے ان پر کام کا آغاز کیا جائے اس سلسلے میںکسی قسم کی کوتاہی یا تساہلی برداشت نہیں کیا جائیگا۔