حکمران ٹولہ فیوڈلز کے مفادات کے تحفظ کی سیاست کر رہاہے، ملک میں آئین و قانون سب سے زیادہ پامال حکمران کرتے ہیں، سیاست ظالم

جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کے ہاتھوں یرغمال ہے ، اربوں خرچ کر کے اسمبلیوں میں پہنچنے والے عوام کے نہیں ، اپنے مفادات میں پالیسیاں بناتے ہیں ، ایم ایم اے ایک جماعت نہیں سیاسی اتحاد ہے، ہم سب دینی قوتوں کو متحد کر کے سیاست پر قابض مغربی سامراج کے آلہ کاروں کے مقابلے میں لانا چاہتے ہیں ، 2018 ئ کے الیکشن میں ایم ایم اے ایک بڑی قوت کے طور پر سامنے آئے گی ، عوام چوروں ، لٹیروں اور قبضہ مافیا کی بجائے دینی قوتوں کا ساتھ دیں، مسلکی بنیادو ںپر تقسیم نے دینی قوتوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ،ہم سیاست میں شائستگی کے قائل ہیں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق کا لاہور میں مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب

ہفتہ 20 جنوری 2018 21:11

حکمران ٹولہ فیوڈلز کے مفادات کے تحفظ کی سیاست کر رہاہے، ملک میں آئین ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جنوری2018ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکمران ٹولہ فیوڈلز کے مفادات کے تحفظ کی سیاست کر رہاہے۔ ملک میں آئین و قانون سب سے زیادہ پامال حکمران کرتے ہیں۔ سیاست ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کے ہاتھوں یرغمال ہے۔ اربوں خرچ کر کے اسمبلیوں میں پہنچنے والے عوام کے نہیں ، اپنے مفادات میں پالیسیاں بناتے ہیں۔

ایم ایم اے ایک جماعت نہیں سیاسی اتحاد ہے۔ ہم سب دینی قوتوں کو متحد کر کے سیاست پر قابض مغربی سامراج کے آلہ کاروں کے مقابلے میں لانا چاہتے ہیں۔ 2018 ئ کے الیکشن میں ایم ایم اے ایک بڑی قوت کے طور پر سامنے آئے گی۔ عوام چوروں ، لٹیروں اور قبضہ مافیا کی بجائے دینی قوتوں کا ساتھ دیں۔

(جاری ہے)

مسلکی بنیادو ںپر تقسیم نے دینی قوتوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

ہم سیاست میں شائستگی کے قائل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں مشاورتی کونسل لاہور کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان اظہر اقبال حسن ، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد ، ضیائ الدین انصاری ایڈووکیٹ ، امیر العظیم و دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کے نمایاں افراد نے شرکت کی۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ عوام کو بار بار آزمائے ہوئے لوگوں کو مزید آزمانے کی غلطی نہیں کرنی چاہیے قوم پچھلے 70 سال سے ان سیاستدانوں سے مسلسل دھوکہ کھا رہی ہے جو اپنے مفادات کے لیے قومی مفادات کا سودا کرتے ہیں عوام کے مسائل کا اصل سبب یہی لوگ ہیں جو مختلف پارٹیوں میں گھس کر اور ان کے پرچم اٹھا کر اپنے گناہوں کو چھپانے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ چوروں اور لٹیروں کو چھپنے کا موقع اور پارٹی ٹکٹ دینے والی پارٹیاں ملک کے مستقبل سے کھیل رہی ہیں۔ ملک میں اخلاقی کرپشن کو آزادی ٴ اظہار رائے اور نظریاتی کرپشن کو ترقی پسندی کا نام دیدیا گیاہے۔ انہوں نے کہاکہ اخلاقی اور نظریاتی کرپشن میں ملوث اسٹیٹس کو کی حامی قوتیں در اصل ملک کی بنیادوں سے کھیل رہی ہیں۔ موجودہ اور سابقہ حکمران مالی کرپشن کی دلدل میں ناک تک دھنسے ہوئے ہیں اور اگر کوئی ان کے احتساب کی بات کرتاہے تو اسے اپنا سب سے بڑا دشمن اور حساب کتاب کو اپنے لیے گالی سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ان حکمرانوں نے ہی عوام کو علاقائی مسلکی اور لسانی بنیادوں پر تقسیم کر کے قومی یکجہتی اور اتحاد کو پارا پارا کیا اور تقسیم کرو اور حکومت کرو کے فارمولے پر قوم کو تقسیم کرتے رہے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی قوم کو ان اختلافات سے نکال کر دشمن کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بناناچاہتی ہے تاکہ خطے میں جاری بھارتی بالادستی کی سازشوں کو ناکام بنایا جاسکے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ مغرب اور امریکہ سیاسی اسلام سے خوفزدہ ہے اور اسے دہشتگردی کا نام دے کر بدنام کرتاہے۔ مغرب اپنے عریاں کلچر کو اسلامی دنیا پر مسلط کرنے کے لیے اربوں ڈالر خرچ کر رہاہے جس کی وجہ سے آج ہمارے معصوم بچے بھی محفوظ نہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکمران آئین کی بالادستی کی راہ اس لیے روکتے ہیں کہ یہ آئین ملک کو اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کی ضمانت دیتاہے۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری تحریک نے کرپٹ اور بد دیانت لوگوں کو خوف میں مبتلا کر دیاہے۔ جماعت اسلامی ہی عوام کو ان لٹیروں کے چنگل سے نجات دلانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اپنے اسٹریٹجک محل وقوع کے پیش نظر انتہائی اہمیت حاصل کرچکاہے۔ پاکستان کے پاس بے پناہ وسائل ہیں ، مستقبل پاکستان کا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک کی قیادت تبدیل ہو اور چوروں لٹیروں کی بجائے دیانتدار اور اہل لوگوں کی حکومت ہو۔