بھارت پانچویں بلائنڈ ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا چیمپئن بن گیا، بھارت نے فیصلہ کن معرکے میں پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل کا کامیاب دفاع کیا

ہفتہ 20 جنوری 2018 20:56

بھارت پانچویں بلائنڈ ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا چیمپئن بن گیا، بھارت ..
شارجہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2018ء) بھارت پانچویں بلائنڈ ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا چیمپئن بن گیا، بھارت بلائنڈ ٹیم نے فیصلہ کن معرکے میں پاکستان بلائنڈ ٹیم کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے زیر کر کے ٹائٹل کا کامیاب دفاع کیا۔ ہفتے کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت کے کپتان اجے کمارریڈی نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو پاکستان بلائنڈ ٹیم نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 307 رنز بنائے، بدر منیر 57 ریاست خان 48 جبکہ کپتان نثارعلی 47 رنز بنا کر نمایاں رہے، جواب میں بھارت بلائنڈ ٹیم نے مطلوبہ ہدف 38.4اوورز میں 8وکٹوں پر حاصل کیا، سنیل رمیش93، پرکاش44 اور وینکٹش نی35 رنز بنائے، ہارون، بدر منیر، اسرارلخسن اور عامر اشفاق نے ایک ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی سابق ٹیسٹ کرکٹر ظہیر عباس تھے جنہوں نے ٹیموں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کئے، اس موقع پر یو اے ای میں پاکستان کے قونصل جنرل بریگیڈیر (ر)جاوید حسن، ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدر مہانتیش جی کے، پی بی سی سی کے چیئرمین سید سلطان شاہ، رمدا ہوٹل عجمان کے جنرل منیجر افتحار ہمدانی، بھارت کے سابق وکٹ کیپر سید مجتبی کرمانی، پی بی سی سی کے حکام سیمت کھلاڑیوں اور لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

ایونٹ کے اختتام پر بی ون کیٹیگری میں پاکستان کے عامر اشفاق، بی ٹو کیٹیگری میں پاکستان ہی کے بدر منیر اور بی تھری کیٹیگری میں سری لنکا کے چندانہ دیش پڑا کو ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، سید سلطان شاہ نے مہمان خصوصی اور دیگر کو خصوصی شیلڈ پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :