وزیراعظم نے کلورکوٹ اور ڈھکی کے درمیان دریائے سندھ پر ایک نئے پل کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا

ہفتہ 20 جنوری 2018 20:26

وزیراعظم نے کلورکوٹ اور ڈھکی کے درمیان دریائے سندھ پر ایک نئے پل کی ..
بھکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2018ء) وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کلورکوٹ اور ڈھکی کے درمیان دریائے سندھ پر ایک نئے پل کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔اس وقت پلوں،بیراج/ ہیڈورکس سمیت 15 مقامات پر دریائے سندھ کو عبورکیا جاسکتا ہے اور ان مقامات کی چوڑائی 18 سے 20 فٹ تک محدود ہے ،جوکہ موجودہ ٹریفک کے حجم اور بھاری ٹریفک کیلئے ناکافی ہے۔

مجوزہ پل دریائے سندھ کے مشرقی کنارے پر واقع کلورکوٹ کو مغربی کنارے پر واقع ڈھکی سے ملانے کیلئے مختصر ترین راستہ فراہم کرے گا۔اس وقت کلورکوٹ اور ڈھکی کے درمیان سب سے قریبی رابطہ براستہ چشمہ بیراج ہے،جس کی مسافت 80 کلومیٹر ہے،جو ڈیڑھ گھنٹہ میں طے ہوتی ہے۔جبکہ دوسرارابطہ ڈیرہ اسماعیل خان / دریا خان پل کا ہے،جس کا فاصلہ 126 کلومیٹر ہے،جو دو سے اڑھائی گھنٹے میں طے ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

مجوزہ پل کی تعمیر سے کلورکوٹ اور ڈھکی کے درمیان فاصلہ صرف 15کلومیٹر رہ جائے گا۔نیا پل پنجاب اور خیبر پختونخوا کے درمیان ایک نیا رابطہ فراہم کرے گا،جس سے دونوں صوبوں کے درمیا ن زرعی اجناس اور دیگر اشیائ کی آمدورفت آسان ہوگی۔پل کی تعمیر سے شمال اور جنوب کے درمیان ایک اور ٹریفک کاریڈور میسر آئے گا۔یہ پل ڈیرہ اسماعیل خان۔اسلام آباد موٹروے سے منسلک ہے اور یہ موٹروے چین۔

پاکستان اقتصادی راہداری کا حصہ ہے۔یہ موٹروے متصل شہروں کی معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے جنوبی علاقوں میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ کرے گی۔مجوزہ پل کی تعمیر سے بھکر اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اضلاع میں زرعی ترقی کی راہ ہموارہوگی۔ 4 رویہ اس پل کی لمبائی 1.25 کلومیٹر ہے جبکہ اس کے ساتھ2 رویہ رسائی سڑکوں کی لمبائی 14.2 کلومیٹر ہوگی۔

جبکہ ہر لین کی چوڑائی 3.65 میٹر رکھی جائے گی۔اس پل پر رفتار کی حد 100 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔یہ پل آئندہ ایک سوسال کیلئے کارآمد ہوگا۔اس منصوبے کیلئے فنڈ حکومت پاکستان فراہم کرے گی۔اس پل پر سات ارب روپے سے زائد لاگت کا تخمینہ ہے۔مالی سال 2016-17 میں اس منصوبہ کیلئے 400 ملین روپے رکھے گئے ہیں اوراس کو 2 سال میں مکمل کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :