ہری پور جلسہ ن لیگ میں پھوٹ ڈال گیا

سینئر سیاستدان گوہر ایوب خان اور ان کے فرزند سابق وفاقی وزیر عمر ایوب خان کا پارٹی سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ

muhammad ali محمد علی ہفتہ 20 جنوری 2018 19:55

ہری پور جلسہ ن لیگ میں پھوٹ ڈال گیا
ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جنوری2018ء) ہری پور جلسہ ن لیگ میں پھوٹ ڈال گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختوںخواہ کے شہر ہری پور میں ہفتے کے روز ہونے والا جلسہ ن لیگ کی ضلعی قیادت میں اختلافات پیدا کر گیا۔ سینئر سیاستدان گوہر ایوب خان اور ان کے فرزند سابق وفاقی وزیر عمر ایوب خان کا پارٹی سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دونوں رہنماوں نے ہفتے کے روز ہونے والے جلسے میں شرکت بھی نہیں کی۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماوں اور ن لیگ کے ہری پور سے منتخب ہونے والے ایم این اے بابر نواز خان کے درمیان شدید اختلافات چل رہے ہیں۔ گوہر ایوب اور عمر ایوب خان گروپ کا موقف ہے کہ بابر نواز خان کرمنل ریکارڈ کا حامل شخص ہے۔ ایسے شخص کو پارٹی نے رکن قومی اسمبلی منتخب کروا کر حلقے کی عوام کیساتھ زیادتی کی ہے۔ واضح رہے کہ ہری پور کے حلقہ این اے 19 سے 2013 کے انتخابات میں عمر ایوب خان بطور ن لیگ کے امیدوار کامیاب ہوئے تھے۔ تاہم بعد ازاں سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیے جانے کے بعد دوبارہ ہونے والے الیکشن میں ن لیگ کے ہی بابر نواز خان کامیاب قرار پائے تھے۔