وزیراعلیٰ کی سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی مذمت، انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

بھارتی فائرنگ کیوجہ سے نقل مکانی کرنیوالے افراد کی دیکھ بھال کیلئے خصوصی ریلیف کیمپس قائم کرنے کی ہدایت انتظامیہ اور متعلقہ محکمے نقل مکانی کرنیوالے افراد کا پوری طرح خیال رکھیں ، شہری آبادی کو نشانہ بنانا قابل مذمت فعل ہے،پاکستان کی بہادر مسلح افواج بھارتی فورسز کو منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف

ہفتہ 20 جنوری 2018 20:17

وزیراعلیٰ کی سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جنوری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری کے مختلف سیکٹرز پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے،وزیراعلیٰ نے بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے جاں بحق افرادکے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے، زخمی افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعاکی ہے اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمی افراد کو ہرممکن طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارتی فائرنگ کی وجہ سے نقل مکانی کرنے والے افراد کی دیکھ بھال کیلئے خصوصی ریلیف کیمپس قائم کئے جائیں،ان افراد کو طبی سہولتوں کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔انہوںنے کہا کہ انتظامیہ اور متعلقہ محکمے نقل مکانی کرنے والوں کا پوری طرح خیال رکھیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارتی فورسز کا شہری آبادی کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت فعل ہے،پاکستان کی بہادر مسلح افواج بھارتی فورسز کو منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پوری قوم پاکستان کی مسلح بہادر افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔