شکست خوردہ عناصر کے جھوٹ اور گالیوں کا جواب عوام کی مزید خدمت سے دیں گے،شہبازشریف

ان عناصرنے دشنام طرازی کے ریکارڈ قائم کئے ہیں، دھرنا پارٹی کے لیڈر پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں خیبرپختونخوا میں ڈینگی کی وبا کے دوران پہاڑوں پر چڑھنے والے کس منہ سے عوامی خدمت کی بات کر سکتے ہیں اگر احتجاج کرنیوالے اپنے صوبوں کے عوام کی خدمت کرتے تو انہیں عوام کا سامنا کرنے کا خوف نہ ہو تا

ہفتہ 20 جنوری 2018 20:17

شکست خوردہ عناصر کے جھوٹ اور گالیوں کا جواب عوام کی مزید خدمت سے دیں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جنوری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ احتجاج و انتشار کی سیاست ملک و قوم کی ترقی کیلئے زہر قاتل ہے،دھرنوں کی سیاست کرنے والے میری نہیں بلکہ عوام کی ترقی کی مخالفت کر رہے ہیں،دھرنا گروپ نے گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں عوام کا وقت برباد کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا،یہ عناصر موجودہ دور میں ملک کی تیز رفتار ترقی سے خوفزدہ ہیں، اگر احتجاج کرنے والے اپنے صوبوں کے عوام کی خدمت کرتے تو انہیں عوام کا سامنا کرنے کا خوف نہ ہو تا، ان عناصر نے اپنے صوبوں کے عوام کی خدمت نہیں کی اس لئے آج شرمسار ہیں۔

وہ ہفتے کو یہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اقدار اور عوامی خدمت کی سیاست کی ہے، 2018ء کے عام انتخابات میں ان احتجاجی عناصر کو ایک بار پھر شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ احتجاج کی سیاست معاشی ترقی اور عوامی خوشحالی میں رکاوٹ بنتی ہے اور بلا جواز احتجاج کرنے والے درحقیقت عوام کی مشکلات بڑھا رہے ہیں، پاکستان کی تیز رفتار ترقی سے خوفزدہ ان سیاسی عناصر کی بے چینی بڑھ رہی ہے اور یہ شکست خوردہ عناصر اپنی منفی سیاست کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے کے لئے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی نوٹنکی کا ناٹک باشعور عوام نے بری طرح مسترد کر دیا ہے، یہ ڈرامہ رچانے والے صرف عوام کی ترقی اور خوشحالی کے منصوبوں کے مخالف ہیں، کے پی کے میں ڈینگی کی وبا کے دوران پہاڑوں پر چڑھنے والے کس منہ سے عوام کی خدمت کی بات کر سکتے ہیں۔ ان لوگوں نے گزشتہ ساڑھے چار برس میں اپنے صوبے کے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا اور اب وہ بوکھلائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھرنا گروپ نے صرف دشنام طرازی اور جھوٹ بولنے کے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ دھرنا پارٹی کے لیڈر پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔ہم ان کی گالیوں اور جھوٹ کا جواب عوام کی مزید خدمت سے دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ لوگ ترقیاتی منصوبوں کی مخالفت کرتے رہیں ہم عوام کی خدمت سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔