گنے کے کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ کے لئے صوبہ بھر میں تمام تر انتظامی مشینری متحرک ہے، صوبائی وزیر بلال یاسین

ہفتہ 20 جنوری 2018 20:17

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2018ء) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر گنے کے کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ کے لئے صوبہ بھر میں تمام تر انتظامی مشینری متحرک ہے اور انہیں 180 روپے فی من کے حساب سے قیمت کی ادائیگی کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے یہ بات تحصیل چک جمھرہ اور جڑانوالہ میں شوگر ملوں کے دورہ کے دوران گنے کے کاشتکاروں سے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔

مشیر وزیراعلی پنجاب رائے حیدر علی خاں کھرل ‘اسسٹنٹ کمشنرز جڑانوالہ ‘ چک جھمرہ شہریار عارف ‘ عفیفہ ناجیہ ‘ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر امان الله اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیر خوراک ہنزہ شوگر مل اور حسین شوگر مل میں گئے اور بعض کاشتکاروں کی طرف سے کم قیمت کا سی پی آر جاری کرنے کی شکایت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ شوگر ملوں کو من مانی نہیں کرنے دی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے موقع پر ہی گنے کے کاشتکاروں کے مسائل حل کرائے اور کہا کہ مڈل مین کے ذریعے کسانوں کو لوٹنے والوں کے خلاف فوری مقدمات درج کرائے جائیں ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کرشنگ سیزن کی نگرانی کے لئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران ہمہ وقت ملز میں موجود ہیں اور گنے کے کاشتکاروں کا کم قیمت ‘وزن اور کٹوتی سے متعلقہ مسئلہ فوری حل ہونا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمدشہباز شریف کاشتکاروں کو ان کی فصل کی ادائیگی کے عمل کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور وہ بھی ان کی سخت ترین ہدایات پر فیلڈ میں موجود ہیں اور کسی قیمت پر کسانوں کا استحصال نہیں ہونے دیں گے ۔ انہوں نے ملز انتظامیہ سے کہا کہ وہ کاشتکاروں سے گنا کی 180 روپے فی من قیمت لینے کے پابند ہیں جس پر عملدرآمد کویقینی بنایاجائے تاکہ قانونی کارروائی کی نوبت نہ آئے ۔

انہوں نے کہا کہ کریشنگ سیزن کے اختتام تک شوگر ملوں کے اچانک دوروں کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کاشتکاروں کی جماعت ہے اور کسانوں کی فلاح و بہبود اور بہتری کے لئے تاریخ ساز اور مثالی اقدامات کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کا کسان پیکج ‘ کھادوں پر اربوں روپے کی سبسڈی ‘ زرعی آلات کی رعایتی نرخوں پر تقسیم کسان دوست اقدامات کی واضح مثال ہے ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرز نے بتایا کہ غیر قانونی وزن کے کنڈوں کے خلاف کریک ڈائون کے ساتھ کسانوں کو مقررہ قیمت کی سی پی آر جاری کرانے کے لئے متحرک ہیں ۔

متعلقہ عنوان :