وزیراعلیٰ کی سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی مذمت، انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

بھارتی فائرنگ کی وجہ سے نقل مکانی کرنے والے افراد کی دیکھ بھال کیلئے خصوصی ریلیف کیمپس قائم کرنے کی ہدایت بھارتی فورسز کا شہری آبادی کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت فعل ہے،پاکستان کی بہادر مسلح افواج منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں

ہفتہ 20 جنوری 2018 19:40

وزیراعلیٰ کی سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری کے مختلف سیکٹرز پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے جاں بحق افرادکے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعلی نے زخمی افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعاکی ہے اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمی افراد کو ہرممکن طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارتی فائرنگ کی وجہ سے نقل مکانی کرنے والے افراد کی دیکھ بھال کے لئے خصوصی ریلیف کیمپس قائم کئے جائیںاور ان افراد کو طبی سہولتوں کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ انتظامیہ اور متعلقہ محکمے نقل مکانی کرنے والوں کا پوری طرح خیال رکھیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارتی فورسز کا شہری آبادی کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت فعل ہے۔ پاکستان کی بہادر مسلح افواج بھارتی فورسز کو منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پوری قوم پاکستان کی مسلح بہادر افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

متعلقہ عنوان :