صدر مملکت نے انجمن ترقی اردو تعمیراتی منصوبے اردو باغ کمپلیکس کا افتتاح کردیا

اردو کو ذریعہ تعلیم بنانے سے نوجوان طلبہ کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہو گا، وہ زندگی کے مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہر ہ کر سکیں گے، ممنون حسین

ہفتہ 20 جنوری 2018 19:26

صدر مملکت نے انجمن ترقی اردو تعمیراتی منصوبے اردو باغ کمپلیکس کا افتتاح ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے انجمن ترقی اردو کے تعمیراتی منصوبے اردو باغ کمپلیکس کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اردو کو ذریعہ تعلیم بنانے سے نوجوان طلبہ کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہو گا اور وہ زندگی کے مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہر ہ کر سکیں گے۔

اس موقع پر میئر کراچی محمد وسیم اختر، صدر انجمن ترقی اردو ذوالقرنین حیدر جمیل اور معتمد انجمن ترقی اردو فاطمہ حسن بھی موجود تھیں۔صدر ممنون حسین نے کہا کہ اردو باغ محض ایک عمارت یا تعمیراتی منصوبہ نہیں بلکہ ایک تحریک کا تسلسل اور اِس تحریک کے اگلے مرحلے کا آغاز ہے جس کا تعلق پاکستان کی نظریاتی شناخت اور اس کی ترقی و خوشحالی سے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی زبان کی ترویج کی بات ہو رہی ہے تو اس ضمن میں آپ کو یہ بتاتے ہوئے مسرّت محسوس کرتا ہوں کہ ایوان صدر میں ذمہ داری سنبھالنے کے بعد میں نے نفاذ اردو کے سلسلے میں کئی اقدامات کیے۔ سب سے پہلا کام تو میں نے یہ کیا کہ پاکستان کے اندر قومی سطح کا کوئی موقع ہو یا بیرون ملک بین الاقوامی اداروں کی تقریبات اور کانفرنسیں،میں نے ہر موقع پر اردو میں ہی تقریر کی۔

غیر ملکی مہمانوں، حتیٰ کہ سربراہان مملکت سے ملاقاتوں اور مذاکرات میں بھی اردو میں ہی بات چیت کو ترجیح دی۔ ایوان صدر کے مختلف ہالز اور کمروں کے نام انگریزی روایت کے مطابق رکھے گئے تھے، یہ تمام پرانے نام تبدیل کر کے تحریک پاکستان اور اردو کی خدمت کرنے والے مشاہیر سے منسوب کر دیئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایوانِ صدر کے مختلف شعبہ جات میں دفتری امور کی انجام دہی بھی اردو میں ہونے لگی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ آنے والے دنوں میں یہ سلسلہ مزید آگے بڑھے گا اور وطن عزیز کے دیگر اداروں میں بھی اسی جذبے کے ساتھ اردو کو فروغ دیا جائے گا۔ ۔