Live Updates

عمران خان کا پارلیمنٹ سے متعلق بیان نامناسب ہے ، مریم اور نگزیب

پارلیمنٹ جمہوری ادارہ ہے ، عوام نے اپنے ووٹوں کے ذریعے بنایا ہے ، عمران خان کو پریس کانفرنس میں اپنے الفاظ واپس لینے چاہیے تھے ،وزیر اطلاعات

ہفتہ 20 جنوری 2018 18:57

عمران خان کا پارلیمنٹ سے متعلق بیان نامناسب ہے ، مریم اور نگزیب
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2018ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے پارلیمنٹ کیلئے لعنت کا لفظ استعمال کیے جانے کو نامناسب قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ پارلیمنٹ جمہوری ادارہ ہے ، عوام نے اپنے ووٹوں کے ذریعے بنایا ہے ، عمران خان کو پریس کانفرنس میں اپنے الفاظ واپس لینے چاہیے تھے ۔

ایک انٹرویومیں مریم اورنگزیب نے کہاکہ اپوزیشن کا کام حکومت پر تنقید کرنا ہوتا ہے اور یہ ان کا حق ہے مگر پارلیمنٹ جیسے ادارے کے لیے اس طرح کی زبان اور الفاظ کا استعمال کرنا کسی صورت بھی قابلِ قبول نہیں کیونکہ یہاں ملک کی تمام جماعتیں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بات انتہائی افسوناک ہے کہ عمران خان نے ایک جماعت کے سربراہ ہوکر اسی پارلیمنٹ کیلئے ایسا لفظ استعمال کیا، جس سے وہ خود بھی تنخواہ لیتے ہیں اور وہ ناصرف ہمارا بلکہ ان کا اپنا بھی ادارہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ عمران خان کے اس بیان کی ہر ایک نے مذمت کی کیونکہ یہ وہ جمہوری ادارہ ہے ،جسے پاکستان کے عوام نے اپنے ووٹوں کے ذریعے بنایا ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کو چاہیے تھا کہ وہ اگلے دن پریس کانفرنس میں اس لفظ کو واپس لیتے مگر انہوں نے یہ کہہ کر پارلیمنٹ کی مزید تضحیک کردی کہ وہ اس سے بھی بڑا لفظ استعمال کرنا چاہتے تھے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ نا صرف مسلم لیگ (ن)، بلکہ اپوزیشن کی دیگر جماعتوں نے بھی عمران خان کے اس بیان کو غیر جمہوری طرزِ عمل قرار دیا۔۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات