نیب کا شہباز ،سعد کی کرپشن کو بیلنس کرنے کیلئے مجھے ہفتہ وارانہ نوٹس جاری کرنا اصل ملزمان سے توجہ ہٹانا ہے ‘ عبدالعلیم خان

کرپشن ریاستی وسائل کو اپنے ذاتی مفاد کیلئے استعما ل کرنا ہے جبکہ میں 10سال سے اپوزیشن میں ہوں ،2007ء سے کمپنی ہرمتعلقہ ادارے میں رجسٹر ڈ ہے کسی ادارے کے پاس کو ئی ثبوت ہیں تو عوام کے سامنے لائیں عمران کا ساتھ آنے والی نسلوں کیلئے ہے ہر حکومتی جبراور صعوبت کا سامنے کرنے کیلئے تیار ہوں‘ ویڈیو پیغام

ہفتہ 20 جنوری 2018 18:46

نیب کا شہباز ،سعد کی کرپشن کو بیلنس کرنے کیلئے مجھے ہفتہ وارانہ نوٹس ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2018ء) پاکستان تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کے صدر عبد العلیم خان نے نیب کے حوالے سے اپنے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ گزشتہ 10سال سے قومی خزانہ لوٹنے والوں کی تحقیقات کرنے والوں کے ساتھ مجھے ہفتہ وارنہ نوٹس جاری کرنے سے یہ تاثر قائم ہو رہا ہے کہ کچھ بیلنس کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔

نوٹس جاری ہوتے ہی میڈیا اُسے یوں گرم خبر بنا دیتا ہے کہ اصل مجرم میڈیا کے ٹاک شوز اور گفتگو سے غائب ہوجاتے ہیں ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ 2007میں کمپنی بنائی جسے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور ایف بی آر میں لازمی رجسٹرڈ ہونا چاہیے تھا اور یہ پہلے دن سے متعلقہ اداروں کے ریکارڈ پر موجود ہے انہوں نے کہا کہ نیب شہباز شریف اور خواجہ سعد رفیق جو گزشتہ 10سال سے ملکی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں ان کی تحقیقات کا آغاز کرتی ہے تو میرے خلاف ہفتہ وارانہ بنیاد پر ایک نوٹس ایشو کر کے عوام کی توجہ اصل ملزمان سے ہٹانے کی کوشش کی جار ہی ہے عبدالعلیم خان نے کہا کہ کرپشن ریاستی وسائل کو اپنی ذاتی مفاد کیلئے استعمال کرنا ہے جبکہ میں گزشتہ10سال سے اپوزیشن میں ہوں اور ہر طرح کے ریاستی اور حکومتی جبر کا مردانہ وار مقابلہ کر رہا ہوں اور میں جانتا ہوں کہ میرے سیاسی مخالفین انتہائی کم ظرف ہیں جو کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ساتھ انتہائی سوچ سمجھ کر دیا اور یہ میرا ایمان ہے کہ عمران خان پاکستان کا مستقبل ہے اور میرے اور پاکستان کے تمام بچوں کے مستقبل کی آخری امید ہے کوئی جبر ،کوئی صعوبت ،کوئی غیر قانونی حربہ مجھے عمران خان کی حمایت سے روک نہیں سکتا، عبدالعلیم خان نے کہا کہ اگر کسی ادارے کے پاس میرے خلاف کوئی ثبوت ہیں تو وہ فوری طور پر عوام کے سامنے لائے جائیں نہ کہ جعلی نوٹس کے ذریعے گمراہ کن پراپیگنڈہ کو پھلنے پھُلنے کا موقع دیا جائے ۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ بھی پاکستان کے عوام مجھے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کے شانہ بشانہ دیکھیں گے یہ خنجر اور بازو دونوں میرے آزمائے ہوئے ہیں ہم پاکستان کے بقاء کی آخری جنگ لڑ رہے ہیں ا س سے دستبردار ہونے کا سوچنا بھی گناہ کبیرہ ہے عبدالعلیم خان نے کہا کہ میدان سیاست سے بھاگتا ہوا مخالف شکست کے صدمے میں ہرزہ سرائی پر اُتر آیا ہے جسے پاکستانی عوام کسی صورت بھی سنجیدہ لینے کیلئے تیار نہیں ۔عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ پاکستان کی فوج اور عدالتیں پاکستان کے معزز اور معتبر ادارے ہیں معزز شہری اپنے اداروں پر مکمل اعتماد کرتے ہیں جبکہ بھگوڑے اجنبی لشکروں اور اغیار کے دست نگر ہوتے ہیں ۔